لندن// نیٹو کے سیکرٹری جنرل نے اپنی افواج یوکرین نہ بھیجنے کا اعلان کردیا۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق نیٹو کے سیکرٹری جنرل جینز اسٹولٹن برگ نے کہا کہ نیٹو تنازع کا حصہ نہیں بنے گا، اس لیے یوکرین میں اپنی فوج اور لڑاکا طیارے نہیں بھیجے گا، نیٹو ایک دفاعی اتحادی ہے جو روس کے ساتھ تصادم نہیں چاہتا۔انہوں نے روس سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ جلد از جلد یوکرین میں جنگ کا خاتمہ کرے اور اپنی فورسزکا انخلا کرائے۔اسٹولٹن برگ نے کہا کہ نیٹو اتحادی یوکرین کی فوجی و مالی مدد سمیت انسانی امداد کی بھی حمایت کررہے ہیں مگر نیٹو کی فوج یوکرین نہیں جائے گی۔ادھرآسٹریلیا نے روس کیخلاف یوکرین کو مہلک ہتھیار فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔امریکی میڈیا کے مطابق آسٹریلوی وزیرِ اعظم اسکاٹ موریسن نے کہا ہے کہ یوکرینی صدر نے کہا تھا کہ انہیں یوکرین سے نکلنے کیلئے پرواز نہیں لڑنے کیلئے اسلحہ چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ یوکرینی صدر کی اپیل پر آسٹریلوی حکومت نے یوکرین کو اسلحہ فراہم کرنے پر اتفاق کیا ہے۔آسٹریلوی وزیرِ اعظم نے کہا کہ یوکرین کو نیٹو کے ذریعے 50 ملین ڈالر مالیت کے مہلک، غیر مہلک دفاعی امداد فراہم کریں گے جن میں میزائل، گولہ بارود، دیگر ملٹری ہارڈ ویئر شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یوکرین کو فراہم کیے جانے والے اسلحے میں سے اکثریت مہلک ہتھیاروں کی ہو گی۔