یو این آئی
غزہ//اسرائیلی فوج نے القدس اسپتال کو خالی کرنے کاالٹی میٹم دیتے ہوئے نتائج بھگتنے کی دھمکی دے دی، القدس اسپتال میں آٹھ ہزاربے گھر فلسطینیوں نے پناہ لے رکھی ہے ۔تفصیلات کے مطابق اسرائیل کی غزہ پر بمباری پندرہویں دن بھی جاری ہے ، صیہونی فورسز کی جارحیت انتہا کو پہنچ گئی۔اسرائیلی فوج نے القدس اسپتال کو خالی کرنے کاالٹی میٹم دے دیا اور دھمکی دی ہے اسپتال خالی کرو ورنہ نتائج بھگتنا ہوگا، القدس اسپتال میں آٹھ ہزاربے گھر فلسطینیوں نے پناہ لے رکھی ہے ۔ اسرائیل فوج کی جانب سے غزہ میں بربریت کا سلسلہ جاری ہے ، جبکہ اسپتالوں، شہری آبادیوں اور عبادت گاہوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے ،جاں بحق افرادکی تعداد 4300 سے تجاوز کرچکی ہے ۔
اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ کے قدیم ترین گرجا گھر پر بھی بمباری کی گئی ہے ، جس کے باعث چرچ میں پناہ لینے والے 10 فلسطینی جاں بحق ہوگئے ۔غزہ پٹی پر اسرائیلی بمباری میں 30 فیصد سے زیادہ مکانات منہدم ہوچکے ہیں۔ادھراسرائیلی فوج نے لبنانی شہر کو خالی کرنے کا حکم دیا ہے ، یہ اعلان لبنان کے ساتھ سرحد پر حزب اللہ کے جنگجوؤں کے ساتھ ہونے والی جھڑپوں کے بعد کیا گیا۔اسرائیلی فوج کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ تھوڑی دیر پہلے شہر کریات شمونہ کے میئر کو فیصلے سے آگاہ کردیا گیا ہے ، اس منصوبے کا انتظام مقامی اتھارٹی، وزارتِ سیاحت اور وزارتِ دفاع کریں گے ۔7اکتوبر کو جنوبی اسرائیل میں حماس کے مسلح افراد کے حملہ کے بعد سے لبنان کی ایرانی حمایت یافتہ تنظیم حزب اللہ اور اتحادی فلسطینی گروہوں نے اسرائیل کے ساتھ کئی دنوں سے سرحد پار فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے ۔ اسرائیلی حکام کے مطابق مذکورہ حملے میں کم از کم 1,400 افراد ہلاک ہوئے جن میں زیادہ تر عام شہری تھے ۔اسرائیل کی فوج نے کہا ہے کہ اس کی افواج حزب اللہ کے ٹھکانوں کو نشانہ بنا رہی ہیں کیونکہ سرحد پر کشیدگی بڑھ رہی ہے ۔