یواین آئی
اگرتلہ//وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کو جنوبی تریپورہ کے سبروم میں تیسری لینڈ پورٹ کا ورچوئلی افتتاح کیا، جس کا مقصد بنگلہ دیش کی چٹگاؤں سمندری بندرگاہ کے ذریعے جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کے ساتھ ملک کی شمال مشرقی تجارت کو مزید آسان بنانا ہے۔ ہندوستان تریپورہ کو بنگلہ دیش سے سڑک کے ذریعے ملانے کے لیے فینی ندی پر پہلے ہی ایک پل بنا چکا ہے، لیکن ابھی تک وہ شروع نہیں ہوا۔ اس میں ابھی تک دونوں ممالک کے درمیان سامان اور لوگوں کی نقل و حرکت کے لیے لینڈ کسٹم اسٹیشن اور امیگریشن کی سہولت موجود نہیں ہے۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے، وزیر اعظم نے کہا، “مرکزی حکومت ہر خاندان کے لیے گھر بنانے، مفت راشن، پینے کے صاف پانی اور مفت صحت کی دیکھ بھال کو یقینی بنانے اور ملک کے دور دراز کونوں میں بھی مستقل انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کرنے کے لئے مشن موڈ پر کام کررہی ہے۔ ہمارا مقصد ملک کے باقی حصوں کے ساتھ شمال مشرقی ریاستوں کو ترقی دینا ہے۔مودی نے کہا، ’’شمال مشرق میں اشٹلکشمی کی ترقی کے بغیر ملک کی ترقی ممکن نہیں ہے۔ یہی وجہ ہے کہ بھارتی جنتا پارٹی (بی جے پی) کی قیادت والی حکومت نے ایکٹ ایسٹ پالیسی پر توجہ مرکوز کی۔ جس کی وجہ سے علاقہ ہیرا (ہائی ویز، انٹرنیٹ، روڈ ویز اور ایئر ویز) ماڈل میں تبدیل ہو گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اشٹلکشمی کی ہی طرح حکومت شمال مشرق کی ترقی اور پیش رفت کے لئے کام کر رہی ہے۔ گزشتہ پانچ برسوں میں مرکزی حکومت نے جتنا کام کیا ہے، اسے کرنے میں کانگریس کو 20 سال لگتے۔تقریب میں اپنے خطاب میں، تریپورہ کے وزیر اعلی مانک ساہا نے کہا، “سال 2018 کے بعد، مودی کی قیادت میں تریپورہ میں سیاسی منظر نامے میں تبدیلی دیکھی گئی ہے۔ ہم میتری سیٹو کے منتظر ہیں، جو ریاست کو 70 کلومیٹر کے فاصلے پر چٹگاؤں سمندری بندرگاہ سے جوڑے گا۔ جس کی وجہ سے تریپورہ جنوب مشرقی ایشیا کا گیٹ وے بن جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اکھوڑہ اور سریمنت پور انٹیگریٹڈ چیک پوسٹ (آئی سی پی) کے بعد سبروم لینڈ پورٹ خطے کا سب سے بڑا بندرگاہ ہے جس کے ذریعے شمال مشرقی ہندوستان اور دیگر ریاستیں آسانی سے چٹگاؤں بندرگاہ تک پہنچ سکتی ہیں۔ یہ سب مسٹرمودی کی وجہ سے ممکن ہوا ہے جنہوں نے خطے کی مجموعی ترقی کے لیے کام کیا۔اس کے علاوہ، وزیر اعظم نے بنگلہ دیش کے چٹگاؤں سمندری بندرگاہ کے ذریعے جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کے ساتھ کاروبار اور تجارت کی سہولت کے لئے سبروم کے ساتھ جدید زمینی بندرگاہ اور تریپورہ میں 11 پروجیکٹوں کا افتتاح کیا۔ اس میں 1.46 لاکھ دیہی فنکشنل گھریلو نل کنکشن، چار اسکولوں کی عمارتوں کی تعمیر، ایک ایکلویہ ماڈل رہائشی اسکول کی عمارت اور سڑکوں کی بحالی اور اپ گریڈیشن کے سات دیگر پروجیکٹوں سمیے 2400 کروڑ روپے سے زیادہ کے پروجیکٹ شامل ہیں۔