ہاکی ورلڈ کپ | سنسنی خیز کوارٹر فائنل میں انگلینڈ کو شوٹ آؤٹ سے شکست دی

بھونیشور// دو بار کی عالمی چیمپئن جرمنی نے شکست کے منہ سے جیت چھینتے ہوئے بدھ کو ایف آئی ایچ مردوں کے ہاکی ورلڈ کپ 2023 کے سنسنی خیز کوارٹر فائنل میں انگلینڈ کو 2-2 (شوٹ آؤٹ) سے شکست دی۔کلنگا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے زچری والیس (11ویں) اور لیام اینسل (32ویں) کے گول کی بدولت 2-0 کی برتری حاصل کی۔ انگلینڈ نے میچ کے 57ویں منٹ تک برتری کو برقرار رکھا لیکن ٹام گرمبش نے 57ویں اور 58ویں منٹ میں گول کر کے میچ کو پنالٹی شوٹ آؤٹ پر پہنچا دیا۔ انگلینڈ شوٹ آؤٹ میں پانچ میں سے صرف تین گول کر سکا، جب کہ جرمنی نے میچ جیتنے کی اپنی پہلی چار کوششوں پر گول کیا۔جرمنی کا سیمی فائنل میں 27 جنوری کو ورلڈ کپ کی کامیاب ترین ٹیم آسٹریلیا کا مقابلہ ہوگا۔ ورلڈ کپ 2023 میں ایک بھی گول گنوائے بغیر کوارٹر فائنل میں پہنچے انگلینڈ نے یہاں بھی دفاعی انداز میں شاندار آغاز کیا۔ جرمنی پہلے کوارٹر میں پنالٹی کارنر حاصل نہ کر سکا، انگلینڈ نے 11ویں منٹ میں والیس کے فیلڈ گول سے ابتدائی برتری حاصل کر لی۔ جرمنی کو 26ویں منٹ میں پنالٹی کارنر ملا لیکن وہ اس کا فائدہ نہ اٹھا سکی۔انگلینڈ نے دوسرے ہاف کا بھی مضبوط آغاز کیا اور دو منٹ میں دو پنالٹی کارنر حاصل کیے ۔ اینسل نے دوسرے پی سی گول کے ساتھ انگلینڈ کی برتری کو دگنا کردیا۔انگلینڈ نے میچ کے اختتام سے تین منٹ قبل تک دو گول کی آرام دہ برتری حاصل کر رکھی تھی لیکن سابق عالمی چیمپئن جرمنی نے آخری لمحات میں شاندار واپسی کی۔ جرمنی نے 55ویں منٹ میں اپنے گول کیپر کی جگہ لی اور ایک اور کھلاڑی کو فارورڈ لائن میں شامل کیا۔ انہیں 56ویں منٹ میں پنالٹی کارنر کی شکل میں انعام ملا جسے گرمبش نے گول میں تبدیل کر دیا۔ انگلینڈ اس گول سے سنبھلا بھی نہ تھا کہ 40 سیکنڈ کے بعد گرمبش نے پنالٹی اسٹروک پر گول کر کے میچ کو شوٹ آؤٹ تک پہنچا دیا۔شوٹ آؤٹ میں جرمنی کا تجربہ انگلینڈ کی ہمت پر غالب رہا۔ جرمنی کی جانب سے نکلس ویلن، ہنس مولر، تھیز پرنس اور کرسٹوفر روہر نے شوٹ آؤٹ میں گول کئے ۔ انگلینڈ کی جانب سے والیس اور فل روپر نے گول کیے جبکہ ڈیوڈ گڈ فیلڈ اور لیام اینسل کے سامنے گول کیپر الیگزینڈر اسٹیڈلردیوار کی طرح کھڑے رہے ۔