سمت بھارگو
راجوری//ضلع پونچھ کی تحصیل سرنکوٹ کے ہاڑی بڈھاگاؤں میں فوج نے ایک خفیہ ٹھکانہ بے نقاب کرتے ہوئے اسلحہ اور دیگر مشتبہ سامان برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ فوج کے مطابق یہ ٹھکانہ ایک قدرتی غار میں قائم کیا گیا تھا جسے سرچ آپریشن کے دوران دریافت کیا گیا۔فوج کی جانب سے جاری سرکاری بیان میں کہا گیا کہ مخصوص خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر فوج کی وائٹ نائٹ کور کے دستوں نے سرنکوٹ سب ڈویژن کے ہاڑی بڈھاعلاقے میں تلاشی مہم شروع کی۔ اس دوران مشتبہ مقامات، خصوصاً غار نما ڈھانچوں کی باریک بینی سے تلاشی لی گئی۔فوجی حکام کے مطابق کارروائی کے دوران قدرتی غار میں قائم ایک خفیہ ٹھکانے سے ایک پستول، دو میگزین، کپڑے، اشیائے خوردونوش اور دیگر لاجسٹک سامان برآمد کیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ سامان ممکنہ طور پر تخریبی سرگرمیوں کے لئے استعمال کیا جا سکتا تھا۔فوج نے بیان میں مزید کہا کہ اس کامیاب آپریشن سے علاقے میں مسلسل نگرانی اور پیشگی حفاظتی اقدامات کی حکمت عملی کو تقویت ملی ہے۔ فوجی دستے لائن آف کنٹرول کے ملحقہ علاقوں میں مسلسل چوکس رہتے ہوئے مشتبہ سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں تاکہ امن و امان کو برقرار رکھا جا سکے۔سیکورٹی ذرائع کے مطابق اس طرح کی کارروائیاں سرحدی علاقوں میں دراندازی اور غیر قانونی سرگرمیوں کو روکنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ فوج نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ خطے میں امن و استحکام برقرار رکھنے کے لیے سرچ آپریشن اور نگرانی کا سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رکھا جائے گا۔