ہانگ کانگ: چین کے صدر شی جن پنگ نے اپنے ملک کی ہانگ کانگ پر اقتدار کے خلاف ناقابل اجازت چیلینجز پر وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہانگ کانگ کو ماضی کے مقابلے میں اب زیادہ آزادی حاصل ہے,چینی عمل داری کو چیلنج کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق چینی صدر نے یہ وارننگ ہانگ کانگ کی نئی اور پہلی خاتون راہنما کیری لیم کی حلف برداری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دی۔ برطانیہ کی جانب سے ہانگ کانگ کی عمل داری کو چین کے سپرد کرنے کو بیس سال مکمل ہو چکے ہیں۔حلف برداری کی تقریب کے موقع پر سکیورٹی کے انتہائی سخت اقدامات کیے گئے تھے۔ اپنے خطاب میں چینی صدر کا کہنا تھا کہ 'چین کی سالمیت اور سکیورٹی کو خطرے میں ڈالنے، مرکزی حکومت کے دائرہ اختیار کو چیلینج کرنے، یا ہانگ کانگ کی سرزمین کو چین کے خلاف دراندازی کے لیے استعمال کرنے جیسی کوششیں سرخ لکیر عبور کرنے جیسی ہوں گی اور ایسا کرنے کی بالکل اجازت نہیں جائے گی'۔ان کے بقول ہانگ کانگ کو 'خودمختاری، سکیورٹی اور ترقی کے قومی مفادات کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اپنا نظام بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔' انہوں نے دعوی کیا کہ ہانگ کانگ کو ماضی کے مقابلے میں اب زیادہ آزادی حاصل ہے۔