عظمیٰ نیوزسروس
جموں//جموں و کشمیر اور لداخ کی ہائی کورٹ نے آج جموں و کشمیر کی رنجی ٹرافی ٹیم کو 2025۔26سیزن میں پہلی مرتبہ رنجی ٹرافی جیتنے کے تاریخی کارنامے پر اعزاز سے نوازا۔ یہ کامیابی یونین ٹیریٹری کی کھیلوں کی تاریخ میں ایک اہم سنگِ میل قرار دی جا رہی ہے۔اعزاز بخشنے کی تقریب چیف جسٹس ارون پلی کی موجودگی میں منعقد ہوئی۔ اس موقع پر جسٹس سنجیو کمار، راج نیش اوسوال، سنجے دھر، محمد اکرم چودھری، وسیم صادق نرگل، راجیش سیکری اور سنجے پریہار سمیت جموں و کشمیر اور لداخ ہائی کورٹ کے دیگر جج صاحبان بھی موجود تھے۔چیف جسٹس اور دیگر جج صاحبان نے ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کھلاڑیوں کی محنت، ثابت قدمی، نظم و ضبط اور بہترین ٹیم ورک کی تعریف کی، جس کے نتیجے میں یہ تاریخی کامیابی حاصل ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ یہ فتح نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیت، حوصلے اور کھیل کے میدان میں ان کی شاندار کارکردگی کی عکاسی کرتی ہے اور جموں و کشمیر سمیت پورے ملک کے ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کے لیے ایک تحریک کا باعث بنے گی۔تقریب کے دوران فاتح ٹیم کے کھلاڑیوں کو یادگاری ٹی شرٹس پیش کی گئیں، جن میں ٹیم کے کپتان پارس ڈوگرا بھی شامل تھے، تاکہ ان کی غیر معمولی کامیابی کو سراہا جا سکے۔ جج صاحبان نے ٹیم کو اس تاریخی فتح کے اعتراف میں ایک یادگاری ٹرافی بھی پیش کی۔ہائی کورٹ نے بھی اس تاریخی کامیابی کے ساتھ وابستہ ہونے پر فخر کا اظہار کیا اور ان نوجوان چیمپئنز کی کامیابی کا جشن منایا جنہوں نے جموں و کشمیر کے لیے بے حد خوشی اور اعزاز کا باعث بنے ہیں۔