عظمیٰ نیوز سروس
ریاسی//ضلع ریاسی کے دور افتادہ علاقے میں واقع پی ایم شری گورنمنٹ ہائی اسکول کنڈرہ میں ’100 دن نشہ مْکت ابھیان‘ کے تحت ایک مؤثر بیداری ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ یہ اسکول ریاسی شہر سے تقریباً 30 کلو میٹر کے فاصلے پر واقع ہے، جہاں اس اہم مہم میں اسکول کے اساتذہ، طلبہ و طالبات، آرمی، محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ محکموں کے نمائندگان نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ریلی کے دوران طلبہ کو منشیات کے بڑھتے ہوئے رجحان اور اس کے تباہ کن اثرات سے آگاہ کیا گیا۔ مقررین نے زور دے کر کہا کہ ایک صحت مند اور خوشحال معاشرے کے قیام کے لیے منشیات جیسی لعنت کا خاتمہ ناگزیر ہے اور یہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
اس موقع پر معروف ادبی شخصیت اور سماجی کارکن عبدالقادر کنڈریا نے اپنی ڈوگری اور اردو نظموں کے ذریعے منشیات کے خلاف ایک مضبوط اور مؤثر پیغام پیش کیا۔ ان کی نظموں میں نوجوان نسل کو نشے سے دور رہنے اور مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے کا پیغام نمایاں تھا، جسے شرکاء نے نہایت توجہ سے سنا اور بھرپور داد دی۔اپنے خطاب میں عبدالقادر کنڈریا نے اسکول کے ہیڈ ماسٹر جناب جوگندر سنگھ اور عملے کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی بیداری مہمات معاشرے میں مثبت تبدیلی کا ذریعہ بنتی ہیں۔ انہوں نے آرمی اور محکمہ صحت کی شرکت کو بھی خوش آئند قرار دیا۔محکمہ صحت کی نمائندہ شریمتی آرتی دیوی نے اپنی ہندی نظم کے ذریعے پیغام دیا کہ نشہ انسان کی زندگی کا دشمن ہے اور اس سے ہر حال میں بچنا ضروری ہے۔ انڈین آرمی کے کیپٹن ابھی شیخ نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نشے کے خلاف جنگ ہمیں اپنے گھروں سے شروع کرنی ہوگی تاکہ ایک مضبوط اور صحت مند قوم کی بنیاد رکھی جا سکے۔پولیس ڈیپارٹمنٹ کے انسپکٹر سرجیت کمار نے طلبہ کو ہدایت دی کہ وہ نہ صرف خود نشے سے دور رہیں بلکہ دوسروں کو بھی اس برائی سے بچنے کی ترغیب دیں اور ضرورت پڑنے پر پولیس کو اطلاع دیں۔پروگرام کے اختتام پر ہیڈ ماسٹر جوگندر سنگھ نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ منشیات کے خلاف یہ جدوجہد آئندہ بھی جاری رہے گی۔