سمت بھارگو
راجوری //ضلع پونچھ کے سرحدی سب ڈویژن مینڈھر کے تحت آنے والے گوہلدگاؤں کے علاقے سے پیر کے روز ایک نامعلوم ڈرون برآمد کیا گیا، جس کے بعد سیکورٹی اداروں میں الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ ڈرون ایک کھلے میدان میں پڑا ہوا پایا گیا، جس کی اطلاع مقامی سطح پر پولیس کو دی گئی۔مصدقہ ذرائع نے بتایا کہ مینڈھر میں تعینات اسپیشل آپریشنز گروپ (ایس او جی) کو مخصوص خفیہ اطلاع موصول ہوئی تھی کہ گوہلدگاؤں کے قریب ایک مشتبہ ڈرون دیکھا گیا ہے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور ایس او جی کی مشترکہ ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر ڈرون کو اپنے قبضے میں لے لیا۔سیکورٹی فورسز نے احتیاطی تدابیر کے تحت ڈرون کی جانچ پڑتال کی اور اس بات کو یقینی بنایا کہ اس میں کوئی خطرناک مواد موجود نہ ہو۔ پولیس حکام کے مطابق ابتدائی تفتیش میں ڈرون کے ساتھ کسی قسم کا اسلحہ، دھماکہ خیز مواد یا دیگر مشتبہ سامان برآمد نہیں ہوا ہے، تاہم اس کی مکمل تکنیکی جانچ جاری ہے۔پولیس نے اس معاملے میں باقاعدہ تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ ڈرون کی نوعیت، اس کے ماخذ اور مقصد کا پتہ لگایا جا سکے۔ حکام کا کہنا ہے کہ سرحدی ضلع ہونے کے باعث پونچھ میں ڈرون کی موجودگی کو سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے اور تمام پہلوؤں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔واقعے کے بعد مقامی آبادی میں تشویش کا ماحول پایا جا رہا ہے، جبکہ سیکورٹی اداروں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی مشتبہ سرگرمی یا شے کی فوری اطلاع پولیس کو دیں۔ حکام نے یقین دہانی کرائی ہے کہ علاقے کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے سیکورٹی انتظامات مزید سخت کئے جا رہے ہیں۔