عظمی نیوز سروس
سرینگر// علاقے کے بدلتے ہوئے انوویشن منظرنامے کے اہم اعتراف کے طور پر معروف ماہر تعلیم پروفیسر امیتابھ متو نے منگل کو سکاسٹ شالیمار کیمپس میں جاری 11ویں ایگری ٹیک میلہ، گونگل 2026 کا دورہ کیا۔پروف موصوف کے ساتھ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروف نذیر احمد گنائی بھی تھے۔ انہوں نے چار روزہ میلہ کے دوران مختلف ٹیکنالوجی اسٹالز اور اسٹارٹ اپ پویلینز کا جائزہ لیا اور نوجوان کاروباری افراد اور طلبا سے ملاقات کی تاکہ یونیورسٹی میں ابھرتے ہوئے اسٹارٹ اپ ایکو سسٹم کو سمجھ سکیں۔پروف متو نے یونیورسٹی کی تحقیق اور اختراع کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ یونیورسٹی کی “NextGen Agriculture” پر توجہ صرف تعلیمی نہیں بلکہ خطے کے اقتصادی مستقبل کے لیے بھی اہم ہے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تحقیق کو قابل عمل کاروباری ماڈلز میں تبدیل کرنا نوجوانوں کو نوکری تلاش کرنے کے بجائے نوکری دینے کے قابل بنا رہا ہے۔پروف متو نے وائس چانسلر پروف نذیر احمد گنائی کا بھی شکریہ ادا کیا، اور ان کی قیادت اور وژن کو میلہ کی کامیابی کی بنیادی وجہ قرار دیا۔