گول//گول میں ان دنوں محکمہ تعمیرات عامہ کی جانب سے کئی سڑکوں پر میکڈم کا کام جاری ہے لیکن ان تعمیرات میں محکمہ تعمیرات عامہ جموں سرینگر فور لین سے نکلنے والے ملبے کو بلا جھجھک استعمال کر رہا ہے ۔اگر چہ این آئی ٹی میں نالے اور کریشر کی بجری کا ذکر کیا گیا ہے لیکن محکمہ نالے کے بولڈر کے بجائے جموں سرینگر فور لین سے نکلنے والے ملبے کو استعمال کر رہا ہے اس طرح سے محکمہ کو لاکھوں کا چونا لگایا جا رہا ہے ۔ اگر چہ محکمہ کے اے ای ای نے خود اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ اس میں نالے کے بولڈر اور کریشر کی بجری کا استعمال کرنا ہے لیکن افسوس کا مقام ہے کہ پیروں تلے جس ملبے پر محکمہ کا اے ای ای بیان دے رہا ہے وہ نالے کے بولڈر نہیں بلکہ صاف صاف دکھائی دے رہا ہے کہ یہ یا تو ٹنل کی مک ہے یا جموں سرینگر فور لین سے نکلنے والا ملبہ ہے ۔ وہیں ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ کچھ لوگ آسان کام اور پیسہ بچانے کی غرض سے فورلین سے یہ ملبہ اٹھا کر گول میں کئی جگہوں پر اس کو آسانی سے سڑکوں پر استعمال کر رہے ہیں ۔ کئی جگہوں پر اتنا ناقص تعمیر ہو رہا ہے کہ محکمہ منہ پر جھوٹ بول کر اس کو بہتر کرنے کی یقین دہانی کروا رہا ہے ۔وہیں گول فرید آباد موئلہ کے روڈ پر کئی روز سے میکڈم پڑ رہا ہے جس پر یہاں کے لوگوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کئی جگہوں پر اس کو مٹی پر ڈال دیا ہے اور کئی جگہوں پر صرف ایک انچ پڑا ہے جو قابل تشویش ہے وہیں بھارتیہ جنتا پارٹی کے گول ارناس کے لیڈر کلدیپ راج دوبے نے جہاں ایک طرف سے سنگلدان اور جمن گول میں میکڈم بچھائے جانے پر خوشی کا اظہار کیا ہے وہیں انہوں نے موئلہ میں اس کام کو ناقص قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس بارے میں ایکسن رام بن سے بات کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کا ناقص تعمیرات کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کیا جائے گا ۔