محکمہ نے غلط کام کیا ، کارروائی کی جائے گی: ایس ڈی ایم
گول//گول ۔سلبلہ روڈ پر ایک پلی کو منہدم کرنے کی وجہ سے کئی گائوں کے لوگ ، سکولی طالب علموں ، مریضوں اور بزرگوں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ تفصیلات کے مطابق گول ۔سلبلہ روڈ پر محکمہ تعمیرات عامہ نے بنا کسی نوٹس کے پلی کو مکمل طور پر منہدم کر دیا جس وجہ سے داڑم ، سلبلہ ، گگر سولہ وغیرہ علاقوں سے آنے والے لوگوں کو کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا ۔ اس پلی کو توڑنے کی وجہ سے ڈگری کالج اور انڈور اسٹیڈیم کی تعمیر ات بھی متاثر ہوئیں اوریہاں سے تقریباً ڈیڑھ کلو میٹر لوگوں کو پیدل سفر کرنا پڑا۔ صبح سکولی اوقات کے دوران طالب علم کافی پریشان ہوئے جو سکولوں کو دیر سے پہنچے اور ملازمین کو بھی کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ افسوس کا مقام ہے کہ یہاں سڑک پر ایک مریض کئی گھنٹے پڑا رہا مگر محکمہ کو اس کا ترس نہیں آیا ۔ اس کے بر عکس محکمہ اپنے کام میں مصروف رہا اور شام تک کوئی بھی ٹریفک اس پلی سے نہیں گزر سکا ۔ محکمہ تعمیرات عامہ نے بنا کسی نوٹس کے مکمل طور پر پلی کو منہدم کیا اور پیدل چلنے کے لئے بھی راستہ نہیں رکھا ۔ گول ۔سلبلہ روڈ واحد ایک راستہ ہے جو کئی گائوں کو ملاتا ہے ۔لوگوں کا الزام ہے کہ اس پلی کو دوبارہ تعمیر کرنا تھا لیکن ٹھیکیدار نے لوگوں کی پریشانیوں کو درکنار رکھ کر اپنا کام کیا ۔ لوگوں نے تحصیلدار گول ، ایس ڈی ایم گول تک اس پریشانی کو پہنچایا اور ایس ڈی ایم گول جائے موقع پر پہنچے ، نے تشویش کا اظہار کیا اور محکمہ تعمیرات عامہ سے کہا کہ جلد از جلد یہاں پر آمد و رفت کو بحال کیا جائے ۔ اگر چہ لوگوں نے کافی کوشش کی تھی محکم اورہ تعمیرات عامہ سے بھی استدعا کی تھی لیکن انہوں نے یہاں کی ایک بھی نہیں مانی ۔ایس ڈی ایم نے ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے کہا ’’واقعی محکمہ تعمیرات عامہ نے یہ غلط کام کیا تھا ، یہاں پر ٹھیکیدار اور محکمہ کے ملازمین کو پوری پلی کو نہیں توڑنا چاہئے کیونکہ اس سے لوگوں کو کافی دقتوں کا سامنا کرنا پڑا‘‘۔ ایس ڈی ایم نے کہا کہ اگر اس پلی کو نہیں کھولا گیا تو اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔