بیت الخلاؤں سے منسلک ٹرنچزسے گندا پانی باہر جمع، صحت کو خطرہ لاحق
فیاض بخاری
بارہمولہ //گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) بارہمولہ کے ارد گرد صفائی کی انتہائی ابتر صورتحال دیکھنے کو مل رہی ہے جس کے باعث مریضوں، تیمارداروں اور مقامی آبادی کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ہسپتال کے قریب مختلف مقامات پر گندگی اور غلاظت کے ڈھیر جمع ہو چکے ہیں جس سے نہ صرف بدبو پھیل رہی ہے بلکہ بیماریوں کے پھیلنے کا بھی خدشہ بڑھ گیا ہے۔مقامی لوگوں کے مطابق جی ایم سی کے قریب بیت الخلاؤں سے منسلک ایک ٹرنچر بلاک ہونے یا لیک ہونے کی وجہ سے گندا پانی باہر جمع ہو گیا ہے۔ یہ تعفن زدہ پانی کافی عرصے سے سڑک کے کنارے اور آس پاس کے علاقوں میں پھیلا ہوا ہے جس سے ماحول آلودہ ہو رہا ہے اور انسانی صحت کے لیے سنگین خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔لوگوں کا کہنا ہے کہ اسپتال جیسے حساس مقام کے قریب صفائی ستھرائی کی ناقص صورتحال متعلقہ محکموں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ متعلقہ حکام فوری طور پر اس مسئلے کا نوٹس لیں، گندگی کے ڈھیروں کو صاف کرایا جائے اور سیوریج نظام کو درست کیا جائے تاکہ مریضوں اور عوام کو درپیش خطرات کو کم کیا جا سکے۔مقامی لوگوں نے متعلقہ حکام کی توجہ اس جانب مبذول کراتے ہوئے کہا ہے کہ علاقے میں ٹوائلٹ ٹرنچ کئی دنوں سے بلاک پڑا ہوا ہے جس کے باعث انسانی فضلہ باہر نکل کر زمین پر جمع ہو رہا ہے۔ اس صورتحال سے علاقے میں شدید بدبو پھیل رہی ہے اور صفائی و ستھرائی کی حالت انتہائی خراب ہو چکی ہے۔