جموں//گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی نے طے شدہ پروگرام کے تحت ہفتہ کی شام متعدد وفو د کے ساتھ ملاقات کر کے انہیں درپیش مسائل کا جائزہ لیا۔ کٹھوعہ، راجوری، ریاسی، ڈوڈہ، ادہم پور اور کشتواڑ سے آئے ہوئے وفود نے نجی اور اجتماعی مسائل کے بارے میں مشیر کو جانکاری دی جس میں سڑکوںکی خستہ حالی، پانی اور بجلی کی قلت، صحت صفائی اور طبی سہولیات کا فقدان، ریلیف، معاﺅضہ کی ادائیگی اور فلڈ کنٹرول سے جڑے معاملات سر فہرست تھے۔ اس کے علاوہ آئی سی ایس ڈی سپروائزار ایسو سی ایشن، انیمل ہسبنڈری ایسو سی ایشن جموں، جموں ڈاکٹرز فورم، ندیش انکلیو ریذیڈنٹ ویلفیئر ایسو سی ایشن، پلس ٹو لیکچرر فورم، پی ایم جی ایس وائی کنٹریکٹرز، جموں کشمیر لداخ ٹیچرز فیڈریشن، کنٹریکچول لیکچرار ، ہیلپ ہیومنٹی انٹرہیوم رائٹس آرگنائزیشن، ڈپلومہ انجینئرز ایسو سی ایشن اور ایس ایس اے ٹیچرز فورم کے نمائندے بھی گنائی سے ملے اور اپنے اپنے مسائل کے بارے میں انہیں بتایا۔ چراہلہ ڈوڈہ سے آئے ہوئے وفد نے پی ایچ سی کا درجہ بڑھانے، بجلی ترسیل کی حالت بہتر بنانے ، زونل ایجوکیشن آفس اور جموں کشمیر بنک کی شاخ کھولنے کے علاوہ مونگری موڑ سے سیوا تک سڑک کی تعمیر کا بھی مطالبہ کیا۔ پونی کے وفد نے ریونیو معاملات کے نبٹارہ اور مہان پور کے وفد نے پرائمری اسکول کیر کی تجدید کی مانگ کی۔ گورنر کے مشیر آج یعنی پیر کے روز بھی صبح 10.00سے دوپہر 12.00 بجے تک کنونشن سنٹر کنال روڈ جموں میں عوامی وفود سے ملاقات کے لئے دستیاب رہیں گے۔