گورسائی میں رابطہ سڑک پر غیر معیاری تار کول بچھانے کا الزام

جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کے گور سائی علاقہ میں نبارڈ سکیم کے تحت زیر تعمیر رابطہ سڑک گورسائی موڑھ تا گورسائی نالہ پر غیر معیاری کام کرنے کے الزامات سامنے آرہے ہیں ۔مقامی لوگوں نے متعلقہ تعمیر اتی ایجنسی اور ٹھیکیدار پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ گرسائی ناڑ علاقہ سے جانے والی مذکورہ 4.5کلو میٹر رابطہ سڑک کا ٹینڈر ہونے کے بعد اب تارکول بچھانے کا عمل شروع کیاگیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ سڑک کی تعمیر کے دوران جو بجری بچھائی گئی تھی اُسی پر ٹھیکیدار نے تارکول بچھانے کا عمل شروع کردیا ہے جبکہ مذکورہ سڑک پر مٹی و کیچڑ اس وقت بھی موجود ہے ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ تارکول بھی غیر معیاری بچھائی جارہی ہے ۔مقامی لوگوں نے کہاکہ گزشتہ کئی عرصہ سے وہ مذکورہ رابطہ سڑک کو قابل آمد ورفت بنانے کیلئے حکام سے رجوع کررہے تھے لیکن اب غیر معیاری کام کی وجہ سے ان کو دوبارہ سے متاثر کرنے کی کوششیں شروع کر دی گئی ہیں ۔مقامی لوگوں نے انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ رابطہ سڑک کا معائینہ کرنے کیساتھ ساتھ غیر معیاری کام کے سلسلہ میں کارروائی عمل میں لائی جائے ۔