جموں//ریاست جموں وکشمیر میں گوجر بکروال طبقہ کی فلاح وبہبودی سے وابستہ تنظیم ’گرجر دیش چیرٹیبل ٹرسٹ‘نے دفعہ 35 اے کو ختم کرنے کے لئے چند حلقوں کی طرف سے کی جارہی کوشوں پر گہری تشویش ظاہر کی ہے۔ گرجر دیش چیرٹیبل ٹرسٹ میں چیئرمین چوہدری عبدالحمید کی صدارت میں منعقدہ میٹنگ میں ممبران نے دفعہ35اے کو تحفظ فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ وہ ریاست کے تشخص کی بحالی کے لئے ہرممکن کوشش کریں گے۔ اس موقع پر بولتے ہوئے چوہدری عبدالحمید نے بتایاکہ مہاراجہ ہری سنگھ نے الحاق معاہدہ پر چند شرائط کی بنا پر دستخط کئے تھے جنہیں بعد میں آئین ہند کی دفعات 370اور دفعہ 35 اے کی شکل دی گئی۔ اگر ان دفعات کو خارج کیاجائے گا تو پھر جموں وکشمیر کا ہندوستان کے ساتھ ناطہ بھی ٹوٹ جائے گا۔ ٹرسٹ نائب چیئرمین چوہدری حنیف چوہان نے کہاکہ دفعہ35اے جموں وکشمیر کے تمام لوگوں کے لئے فائدہ مند ہے کیونکہ اس کے تحت ریاست کے اندر صرف یہاں کے شہریوں کو ہی سرکاری نوکریاں ملتی ہیں، بیرون ریاستی شہریوں کو یہاں بسانے اور مقامی لوگوں کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے کی کسی کو بھی قطعی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ممبران نے یہ بھی مطالبہ کیاکہ اب تک جموں اور کٹھوعہ علاقوں میں رہ رہے غیر ریاستی باشندوں کو جو جعلی سٹیٹ سبجیکٹ سرٹیفکیٹ جاری کئے گئے ہیں، ان کی بھی تحقیقات کرائی جائے اور جعلی سٹیٹ سبجیکٹ جاری کرنے والے افسران کے خلاف بھی سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ اس میٹنگ میں چوہدری حاجی اللہ رحیم، چوہدری بشیر احمد نون، چوہدری محدم یوسف کھیپر، چوہدری علی حسین ہکلہ سابقہ چیئرمین، چوہدری شوکت جاوید، چوہدری محمد رفیق کوہلی اور چوہدری شوکت گوجر وبرادری کے دیگر ممبران بھی موجود تھے۔