جموں//معروف سماجی کارکن ،گوجری ادیب ،نیشنل کانفرنس کے بلاک صدراورگوجربکروال اصلاحی کمیٹی کے جنرل سیکریٹری چوہدری اخترحسین منگل اوربدھ کی درمیانی شب دِل کادورہ پڑنے اورحرکت قلب بندہونے کی وجہ سے 70برس کی عمرمیں اپنی رہائش گاہ واقع پانامہ چوک میںانتقال فرماگئے۔مرحوم کی نمازجنازہ گزشتہ روز گوجرنگرقبرستان میں اداکی گئی جس میں سابق وزیراعلیٰ عمرعبداللہ ،صوبائی صدرنیشنل کانفرنس دویندرسنگھ رانا، گوجرلیڈران بشمول ڈاکٹرمسعودچوہدری ،چوہدری عبدالحمید،ڈاکٹرجاویدراہی ، حسین علی وفا،ارشدچوہدری ،غلام رسول ایکس ای این ،شوکت گوجر سمیت کثیرتعدادمیں لوگوں نے شرکت کی۔مختلف سیاسی وسماجی شخصیات نے چوہدری اخترحسین کی رحلت پرگہرے رنج ودُکھ کااظہارکیاہے ۔واضح رہے کہ چوہدری اخترحسین گوجری ادب میں ایک ناول نگارکے طورپراپنی شناخت رکھتے تھے۔ان کاگوجری ناول ”گلابو “نے ہندوپاک کے گوجری حلقوں میں کافی شہرت حاصل کی تھی ۔اس کے علاوہ مرحوم موصوف نے متعددافسانے /دوردرشن اوردیگرچینلوں کےلئے ٹی وی سیریل بھی لکھے ۔ان کی ادبی خدمات کےلئے ریاستی کلچرل اکادمی اورمختلف گوجری تنظیموں کی جانب سے بھی متعددبار اعزازات سے نوازاگیا۔اس کے علاوہ ریڈیوکشمیرجموں سے بھی وہ اپنے ٹاک شوزگوجری پروگرام میں اکثروبیشتردیتے تھے۔اتناہی نہیں آل جموں وکشمیرگوجراصلاحی کمیٹی کے صدرکی حیثیت سے بھی ان کی خدمات ناقابل فراموش رہیں اورموصوف گوجربکروال طبقہ کوایس ٹی کادرجہ دلانے کی جدوجہدکے سرگرم رکن تھے۔اس کے علاوہ چوہدری اخترحسین گوجربکروال طبقہ کے مسائل اورجموں کے مسلمانوں کی پریشانیوں کومیڈیاکے ذریعے اُجاگرکرنے اورمدارس اسلامیہ کی بہبودکے کام کاج میں بھی پیش پیش رہتے تھے۔مختلف سماجی،سیاسی اورمذہبی تنظیموں کے عہدیداران نے چوہدری اخترحسین کی اچانک وفات پرگہرے صدے کااظہارکرتے ہوئے اللہ تعالیٰ سے مرحوم کوجنت الفردوس میں جگہ عنایت فرمانے اورلواحقین کوصبرجمیل عطافرمانے کی دعاکی ہے۔
نیشنل کانفرنس کااظہارتعزیت
جموں//نیشنل کانفرنس کے ریاستی صدرڈاکٹرفاروق عبداللہ اورنائب صدر عمرعبداللہ نے چوہدری حسین کھٹانہ بلاک صدراین سی اورگوجرلیڈر کی وفات پرگہرے رنج ودُکھ کااظہارکیا۔گزشتہ روزگوجرنگرقبرستان میں نیشنل کانفرنس کے ریاستی نائب صدرعمرعبداللہ ،ایڈیشنل جنرل سیکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفےٰ کمال ،سینئرپارٹی لیڈران نے اخترچوہدری کی نمازجنازہ میں شرکت کی۔اپنے تعزیتی بیان میں ڈاکٹرفاروق عبداللہ اورعمرعبداللہ نے کہاکہ چوہدری اخترکھٹانہ ایک شریف النفس انسان تھے اورگزشتہ کئی دہائیوں سے پارٹی کومضبوط کرتے آئے ۔انہوں نے کہاکہ ہماری ہمدردیاں غمزدہ خاندان کے ساتھ ہیں اورمرحوم کی روح کےلئے دعاگوہیں۔قبل ازیں نیشنل کانفرنس کے صوبائی صدر دویندرسنگھ رانااوردیگرپارٹی لیڈران نے مرحوم کی رہائش گاہ واقع پانامہ چوک کادورہ کرکے لواحقین کےساتھ گہری ہمدردی کااظہارکیا۔
مسلمانان جموں کےلئے عظیم نقصان :مسلم ایکشن کمیٹی
جموں// مُسلم اےکشن کمےٹی جموں کے صدر محمدشریف سرتاج نے گوجر بکروال اصلاحی کے جنرل سیکریٹری چوہدری اخترحسین کھٹانہ کی اچانک وفات پردکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جہاں مرحوم نے اپنی برادری کے لئے بے لوث خدمت کی وہیں انہوں نے اتحاد بین المسلمین کے لئے بھی کافی کام کیا ۔مرحوم چوہدری اخترحسین کھٹانہ نہایت ہی بےباکی کے ساتھ مظلوموں کی وکالت کرتے رہے ۔ ہراجتماعی کام میں وہ ہمیشہ پیش پیش رہے ۔ مُسلم اےکشن کمےٹی جموں کے صدر محمدشریف سرتاج نے کہا ہے چوہدری اخترحسین کھٹانہ کی وفات جموں کے دبے کچلے مسلمانوں بھاری نقصان ہوا وہیں وہ خودایک شفیق ساتھی سے محروم ہوگئے ہیں ۔جوہرمحاذ پر ہمارے شانہ بہ شابہ کھڑے رہتے تھے۔انہوں نے مرحوم کی مغفرت اور لواحقین کے صبروجمیل کے لئے دعا کی ہے۔