عظمیٰ نیوز سروس
بھونیشور//اوڈیشہ کی راجدھانی بھونیشور کے ستی وہار علاقے میں جمعہ کی صبح ایک نائٹ کلب میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے بعد پورے علاقے میں افراتفری پھیل گئی۔ آگ لگنے کے فوراً بعد عمارت سے
گھنا دھواں اٹھتا دکھائی دیا، جو دیکھتے ہی دیکھتے رسول گڑھ سے ستیہ وہار تک پھیل گیا۔ دھواں اتنا شدید تھا کہ فضا میں گہرے کہرے جیسی کیفیت پیدا ہو گئی، جس کی وجہ سے گاڑی چلانے والوں کی نظریں بار بار دھندلا رہی تھیں اور شاہراہ پر صورتِ حال بگڑتی چلی گئی۔صبح دفتر جانے کے وقت ٹریفک پہلے ہی دباؤ میں تھا لیکن دھواں پھیلتے ہی قومی شاہراہ پر گاڑیوں کی رفتار تقریباً تھم گئی۔ متعدد مقامات پر لمبی قطاریں لگ گئیں اور کئی ڈرائیوروں کو راستہ صاف ہونے کے انتظار میں اظہارِ بے بسی کرنا پڑا۔ مقامی پولیس نے صورتحال سنبھالنے کے لیے فوری طور پر اضافی اہلکار تعینات کیے تاکہ ٹریفک کو کسی حد تک منظم رکھا جا سکے۔یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب حال ہی میں گوا کے ایک نائٹ کلب میں پیش آئے حادثے نے لوگوں میں تشویش بڑھا دی تھی۔ اسی پس منظر میں بھونیشور کی اس نئی واردات نے شہریوں کے خدشات کو اور بھی گہرا کر دیا۔