محتشم احتشام
پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ کے گاؤں گنڈی میں گزشتہ شب ایک افسوسناک آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا جس کے نتیجے میں مقامی دکاندار محمد شبیر کی دکان مکمل طور پر جل کر راکھ ہو گئی۔ اس حادثے میں دکان میں موجود تمام سامان تباہ ہو گیا، جس کے باعث متاثرہ خاندان کو بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔مقامی ذرائع کے مطابق آگ رات کے وقت اچانک بھڑک اٹھی اور دیکھتے ہی دیکھتے پوری دکان کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ اہلِ علاقہ نے آگ پر قابو پانے کی بھرپور کوشش کی، تاہم شدت زیادہ ہونے کی وجہ سے دکان اور اس میں موجود قیمتی سامان کو بچایا نہ جا سکا۔
خوش قسمتی سے اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم متاثرہ دکاندار کا واحد ذریعہ معاش مکمل طور پر ختم ہو گیا ہے۔محمد شبیر، جو ایک محنت کش اور غریب شخص کے طور پر علاقے میں جانے جاتے ہیں، اپنی دکان کے ذریعے اپنے اہلِ خانہ کی کفالت کرتے تھے۔ آتشزدگی کے اس واقعے نے نہ صرف ان کی برسوں کی محنت کو خاک میں ملا دیا بلکہ ان کے خاندان کو بھی شدید معاشی مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔واقعے کے بعد مقامی سماجی کارکنوں اور معزز شہریوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر متاثرہ خاندان کی مالی مدد کے لیے آگے آئیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اس مشکل وقت میں اجتماعی تعاون ہی محمد شبیر کو دوبارہ اپنے پاؤں پر کھڑا ہونے اور روزگار بحال کرنے میں مدد دے سکتا ہے۔علاقے کے لوگوں نے صاحبِ حیثیت افراد، سماجی تنظیموں اور فلاحی اداروں سے بھی درخواست کی ہے کہ وہ متاثرہ دکاندار کی بحالی کے لیے خصوصی امداد فراہم کریں تاکہ وہ دوبارہ اپنی دکان قائم کر سکیں۔متاثرہ دکاندار محمد شبیر سے رابطے کے لیے موبائل نمبر 9622064901 جاری کیا گیا ہے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنی استطاعت کے مطابق مالی تعاون کریں اور ایک ضرورت مند خاندان کی زندگی میں امید کی نئی کرن پیدا کریں۔