فیاض بخاری
بارہمولہ//بارہمولہ پولیس نے ایک قدیم پتھریلے مجسمے/نوادرات کو محکمہ آرکائیوز، آثار قدیمہ و میوزیمز جموں و کشمیر کی ٹیم کے حوالے کیا جس کی سربراہی ڈاکٹر جاوید احمد متو کر رہے تھے۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ یہ مجسمہ یا تو بھگوان وشنو یا سوریا دیوتا کی ہے صدیوں پرانا ہے اور پولیس اسٹیشن گلمرگ کی معمول کی گشت کے دوران گلمرگ کے نواحی علاقے میں دریافت ہوا۔ پولیس ترجمان کے مطابق یہ نوادر نفیس پتھر سے تراشا گیا ہے، جو خطے کی ثقافتی اور تاریخی وراثت کی عکاسی کرتا ہے۔ بارہمولہ پولیس نے ایس ایچ او گلمرگ انسپکٹر ڈاکٹر ہارون بشیرکی نگرانی میں اس کے تحفظ اور حفاظت کے لیے فوری اقدامات کیے اور دستاویزات و تحفظ کے درست طریقہ کار کے لیے محکمہ آثار قدیمہ سے رابطہ کیا۔ اس حوالے سے بارہمولہ پولیس کی جانب سے کی گئی کارروائی جموں و کشمیر کے آثار قدیمہ کے خزانوں کے تحفظ اور خطے کی تاریخ کے بارے میں آگہی کے فروغ کے لیے اْس کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔