مشتاق الحسن
ٹنگمرگ //ضلع بارہمولہ کے بالائی گلمرگ علاقے کے قریب ایک نالے میں پھسلنے والے بھارتی فوج کے ساتھ مصروف دو پورٹرز کی لاشیں رات بھر کی تلاشی کارروائی کے دوران برآمد کی گئیں۔ حکام نے جمعہ کو بتایاکہ مرنے والوں کی شناخت لیاقت احمد دیدڈ (27) ولد غلام محمد دیدڈ مسجد آگن چندوسہ اور اشفاق احمد کھٹانہ 33 ولد جمال الدین کھٹانہ پچر چندوسہ کے بطور ہوئی ہے۔حکام نے بتایا کہ یہ واقعہ جمعرات کو اس وقت پیش آیا جب پورٹر انیتا پوسٹ کی طرف بڑھ رہے تھے، یہ آگے کا علاقہ ہے جو موسم سرما میں شدید برف باری کی وجہ سے منقطع رہتا ہے۔ برف سے ڈھکے ہوئے اور پھسلن والے راستے کو عبور کرتے ہوئے دونوں توازن کھو بیٹھے اور نالے میں گر گئے۔فوج اور مقامی ریسکیو ٹیموں نے سخت موسم اور دشوار گزار علاقے کے باوجود سرچ آپریشن شروع کیا۔ رات بھر کی مسلسل کوششوں کے بعد لاشیں نکال لی گئیں۔متوفی کے اہل خانہ نے تصدیق کی کہ رات گئے آپریشن کے بعد لاشیں نکال لی گئی ہیں۔ حکام نے مزید کہا کہ مزید رسمی کارروائیاں جاری ہیں۔