عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//سکھوں کے دسویں گرو گرو گوبند سنگھ کے یوم پیدائش کے حوالے پوری وادی کے سکھ آبادی والے علاقوں میں تقریبات کا انعقاد ہوا ہے جہاں سکھ برادری کے لوگ صبح سویرے سے ہی گردواروں میں موجود رہے اور دعائیں اور کیرتن پیش کیے گئے ۔ گرو کی تعلیمات پر روشنی ڈالی گئی اورامن، ہم آہنگی اور ترقی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔اس سلسلے میں سری نگر میں سب سے بڑی تقریب کوہ ماراں کے دامن میں واقع سکھوں کے مشہور چھٹی پادشاہی گردوارہ میں منعقد ہوئی جہاں صبح سے ہی سکھ عقیدت مندوں کی بڑی تعداد جن میں خواتین اور بچوں کی خاصی تعداد شامل تھی، چھٹی پادشاہی گردوارے میں حاضر ہو کر دعائوں میں حصہ لے رہے تھے۔ اس موقع پر وہاں مسلم بر ادری کے لوگ بھی موجود تھے اور وہ بھی اپنے سکھ بھائیوں کو مباربادی دے رہے تھے۔ اس موقع پر سکھ عقیدت مندوں کے لئے خصوصی لنگر کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔ وادی بھر کے گرد واروں میں عقیدت مندوں کا تانتا بندھا رہا۔چھٹی پادشاہی گردوارہ تقریب کی طرز پر بارہمولہ، ترال، جواہر نگر، بڈگام،شادی مرگ ،ٹہاب شادی پورہ صنعت نگر ، برزلہ اور وادی کے دوسری مقامات پر بھی تقاریب کا انعقاد عمل میں لیا گیا جن میں عقیدت مندوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ضلعی گوردوارہ پربندھک کمیٹیوں کی جانب سے گوردواروں میں تقریبات کا انعقاد ہوا اوربڑی تعداد میںسکھ برادی کے لوگ جمع ہوئے اور گرو گوبند سنگھ کا یوم پیدائش منایا۔ گردواروںمیں آنے والے تمام سکھ عقیدت مندوں کے لیے لنگر کا انتظام کیاگیا۔