سرینگر // اتوار کو سرینگر میں جھلسا دینے والی گرمی نے 8سال کا ریکارڈ توڑ دیا اور شدید گرمی سے بچنے کیلئے شہری سائے کی تلاش میں نظر آئے۔وادی میں گرم ترین مقام کپوارہ رہا جہاں درجہ حرارت 35.3 ریکارد کیا گیا جبکہ سرینگر میں 35ڈگری درج ہوا۔ یہ امسال وادی میں ابتک کا سب سے زیادہ درجہ حرارت رہا اور گرم ترین دن ثابت ہوا ہے۔معلوم ہوا ہے کہ اس سے قبل29جولائی 2013 میںسرینگر میں دن کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرات.4 35ڈگری ریکارڈ کیا گیا تھا ۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج سے 3دن تک بادلوں کے بیچ گن گرج اور موسلا دھار بارشوںکاامکان ہے ۔اتوار کو اہل وادی شدید گرمی میں دن بھر جھلسے رہے۔ سرینگر میں اتوار کو رواں موسم کا سب سے گرم ترین دن ریکارڈ کیا گیا، جس دوران درجہ حرارت35ڈگری سیلشس ریکارڈ کیا گیا جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 65فیصد تھا ۔ اس کے ساتھ ساتھ قاضی گنڈ میں 32.2ڈگری ریکار ڈ کیا گیا اور وہاں ہوا میں نمی کا تناسب 77فیصد درج کیا گیا ۔کپوارہ میں شدید گرمی سے لوگوں کا حال بے حال ہے جہاں اتوار کو درجہ حرارت 35.3ڈگری سے اوپر رہا ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق جموں میں بھی گرمی کی شدید لہر جاری ہے اور اتوار کو جموں میں 36ڈگری سیلشس ریکار ڈ کیا گیا ۔ کرگل میں درجہ حرارت 37.3ڈگری ریکارڈ ہونے سے کرگل کے لوگ بھی گرمی کی شدت سے پریشان ہیں ۔اس دوران محکمہ موسمیات نے 19 سے 21 جولائی تک جموں وکشمیر میں بارشوں کی پیشگوئی کی ہے ۔حال ہی میں محکمہ نے ایک ایڈوائزری جاری کی ہے جس میں انہوں نے وادی میں آج سے گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے سیلابی ریلے آنے کا بھی امکان ظاہر کیا ہے۔ محکمہ نے ایڈوائزی میںکہا ہے کہ شدید بارشوں کی وجہ سے کچھ ایک علاقوں میں مٹی کے تودے اور پسیاں بھر گر سکتی ہیں اور ندی نالوں میں پانی کی سطح میں اضافہ بھی ہو سکتا ہے ۔