ترال// ترال میں بدھ کو دور دراز علاقے نارستان میں ایک گرام سبھا منعقد کرنے کا پروگرام تھا۔اس سلسلے میں تمام محکموں کو پہلے ہی ایک خط کے ذریعے آگاہ کیا گیا تھا۔ لوگوں کی ایک بڑی تعداد گرام سبھا میں صبح سویرے ہی پہنچی تھی تاکہ وہ اپنے مسائل متعلقہ حکام تک پہنچاسکیں۔ڈی ڈی سی ممبرآری پل،محکمہ صحت،دیہی ترقی،پولیس اورتعلیم جیسے محکموں سے وابستہ ذمہ دار موجودرہے لیکن جل شکتی اوربجلی محکموںکی غیر موجودگی سے لوگ ناراض ہوئے اور ان محکموں کے خلاف احتجاج کیا ۔انہوں نے کہاکہ ایل جی انتظامیہ نے دیہات میں رہائش پذیر آبادی کیلئے یہ ایک اچھی شروعات کی تھی تاکہ لوگوں کو دفتروں کے چکر کاٹنے کی ضرورت نہیں پڑے لیکن اس دور دراز علاقے میں اس اہم میٹنگ کو سرکاری محکموں نے مذاق بنایا۔ محکمہ دیہی ترقی کے ایک افسر نے بتایا کہ اس حوالے سے تمام محکموں کو 6اکتوبر ہی ترتیب شدہ پروگرام کے حوالے سے جانکاری دی گئی تھی ۔ڈی ڈی سی ممبر آری پل منظور احمد گنائی نے بھی افسران اور دیگر محکموں کی گرام سبھا میں غیرموجودگی پر ناراضگی کا اظہار کیا ۔انہوں نے اس حوالے سے ایل جی انتظامیہ اور ڈپٹی کمشنر پلوامہ سے مداخلت کی اپیل کی ہے ۔