گاندربل//ضلع ترقیاتی کمشنر گاندربل شفقت اقبال نے ضلع اسپتال سے بیہامہ تک متبادل رابطہ سڑک کھولنے کیلئے والی تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے ایک میٹنگ طلب کی ۔میٹنگ میں میونسپل کونسل گاندربل کے چیئرمین، ایڈیشنل سپرانٹنڈنٹ پولیس، اسسٹنٹ ریجنل ٹرانسپورٹ آفیسر گاندربل،ڈی ایس پی ٹریفک ، تحصیلدار گاندربل اور دیگر متعلقہ اداروں کے حکام موجود تھے۔میٹنگ میں ضلع اسپتال سے قاضی کمپلیکس بیہامہ تک متبادل رابطہ سڑک کھولنے کے امکانات کا مفصل جائزہ لیا گیا۔ ضلع ترقیاتی کمشنر نے بتایا کہ متبادل رابطہ سڑک کے کھولنے کا مقصد گاندربل میں خاصکر بیہامہ چوک سے توحید چوک تک ٹریفک کی نقل و حرکت کو بہتر بنانا ہے جہاں اکثر اوقات ٹریفک جام ہونے سے مشکلات درپیش آتے ہیں۔اس موقع پر ضلع ترقیاتی کمشنر نے متعلقہ افسران اور عہدیداروں سے اس رابطہ سڑک کو کھولنے کیلئے کئے جانے والے اقدامات کے بارے میں تجاویز طلب کیں اور فیصلہ لیاگیا کہ پہلے مرحلے میں اس رابطہ سڑک کو پیر سے یکطرفہ ٹریفک کے لئے کھول دیا جائے گا۔میٹنگ یہ فیصلہ بھی ہوا کہ دودرہامہ چوک سے ضلع اسپتال جانے والی گاڑیاں قاضی کمپلیکس بیہامہ اور چیک فتح پورہ سڑک کا استعمال کریں گی جبکہ ضلع ہسپتال سے کسی بھی گاڑی کو واپس دودرہامہ چوک کی طرف جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔اس سلسلے میں متعلقہ حکام کو ضلع اسپتال سے بی ہامہ رابطہ سڑک کھولنے کی تیاریوں کو فوری طور پر مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی ۔