عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// وزیرا علیٰ عمر عبداللہ نے کل گاندربل حلقہ میں 84.41 کروڑ روپے مالیت کے بڑے ترقیاتی پروجیکٹوں کا اِفتتاح اور سنگِ بنیاد رکھا جو ضلع بھر میں بنیادی ڈھانچے، صحت، پانی کی فراہمی، صفائی، تعلیم اور سڑکوں کے رابطے کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ وزیر اعلیٰ نے بیہامہ محکمہ ہاؤسنگ و اَربن ڈیولپمنٹ (ایچ اینڈ یو ڈِی ۔ یو ایل بی) کے تحت گاندربل ٹاؤن کی خوبصورتی اور ترقی کے 770 لاکھ روپے کے منصوبے کا سنگِ بنیاد رکھا جسے پی ڈبلیو ڈِی کے ذریعے عمل میں لایا جائے گا۔ اِس منصوبے کے تحت شاندار انٹری گیٹ اور میونسپل گیسٹ ہاؤس کی تعمیر، ایم سی ٹرمنل عمارت کو سمارٹ لائبریری میں اَپ گریڈ کرنا، کھیل کے میدانوں اور کلب سہولیات کی ترقی اور گلیوں و راستوں کی مکمل بہتری بشمول کوبل سٹون اور ٹائلنگ کا کام شامل ہے تاکہ ٹاؤن کی جمالیات کو بڑھایا جا سکے۔ اِس کے علاوہ سٹریٹ لائٹس اور کوڑا دان کی تنصیب، مارکیٹ کی ظاہری خوبصورتی، دیواروں پر نقش و نگار اور کلر کوڈِنگ بھی منصوبے کا حصہ ہیں۔اُنہوں نے بس اڈہ سے ضلع ہسپتال تک 750.78 لاکھ روپے کی لاگت سے سڑک منصوبے کا سنگِ بنیاد بھی رکھا جس میں میرانی چوک کی توسیع شامل ہے جس کا مقصد ٹریفک کی بھیڑ کو کم کرنا اور رابطے کو بہتر بنانا ہے۔
اِسی طرح وزیراعلیٰ نے ڈِسٹرکٹ ہسپتال گاندربل میں 840 لاکھ روپے کی لاگت سے نصب کی گئی سی ٹی سکین مشین کا اِفتتاح کیاجو محکمہ صحت و طبی تعلیم کے تحت ڈِی ایچ ایس کے کے ذریعے فراہم کی گئی ہے جس سے مریضوں کو جدید تشخیصی سہولیات میسر آئیں گی۔اُنہوں نے رکھہ ہرن میں میونسپل کونسل گاندربل کے اِستعمال شدہ پانی کے انتظامی پروجیکٹ (ایس بی ایم 2.0) کے تحت 4.5 ایم ایل ڈِی صلاحیت کے سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ کا سنگِ بنیاد رکھا جس پر 1,999.20 لاکھ روپے لاگت آئے گی۔ یہ پروجیکٹ شہر میں صفائی کے معیار اور ماحولیاتی دیرپائی کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔عمر عبداللہ ڈاک بنگلہ گاندربل سے ،جو خود حلقے کی نمائندگی کرتے ہیں، نے کئی اہم منصوبوں کا اِی۔اِفتتاح کیا۔ ان میں اُرپش نادرباغ میں 679.14 لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر شدہ واٹر سپلائی سکیم، بودرکنڈ میں 399 لاکھ روپے اور مانسبل میں 130 لاکھ روپے کی واٹر سپلائی سکیمیں شامل ہیں جنہیں محکمہ جل شکتی اور جل جیون مشن کے تحت رورل واٹر سپلائی ڈویژن گاندربل نے مکمل کیا ہے۔اُنہوں نے پی ڈبلیو ڈِی کے تحت 1,288.40 لاکھ روپے کی لاگت سے مختلف سڑکوں کی تعمیر کے کاموں کا اِی۔سنگِ بنیاد بھی رکھا جبکہ محکمہ تعلیم کے تحت 902.69 لاکھ روپے کی لاگت سے ضلع کے سکولوں میں بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے منصوبوں کا بھی آغاز کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے 302.11لاکھ روپے کی لاگت سے ٹریسا صفاپورہ کی اندرونی لنک سڑکوں کی اَپ گریڈیشن کے لئے اِی ۔ سنگ بنیاد رکھا جس میں لار گاندربل میں چیک ینگارو کی لنک سڑکیں بھی شامل ہیں اور 379.62 لاکھ روپے کی لاگت سے کوہستان کالونی کنال روڈز کی بہتری و اَپ گریڈیشن کے منصوبوں کا بھی ای۔سنگِ بنیاد رکھاجو سب پی ڈبلیو ڈی کے تحت عمل میں لائے جائیں گے۔ وزیرا علیٰ نے مستفیدین میں مشن یوا کے 55 لاکھ روپے مالیت کے تقسیم نامے بھی تقسیم کئے۔بعدمیں اُنہوں نے ڈاک بنگلہ گاندربل میں ایک عوامی بات چیت کی اور اُنہوں نے وہاں ضلع کے مختلف علاقوں سے آئے لوگوں کے مطالبات اور شکایات سنیں۔ پھیکھ، صفاپورہ، منیگام، بٹوینہ، نونر، واکورا، لار، شیرپتھری، ینگارا، ٹریڈرز فیڈریشن گاندربل، ہیلتھ ایمپلائز کنفیڈریشن گاندربل اور دیگر وفود نے پینے کے پانی کی فراہمی، لفٹ آبپاشی، سپورٹس انفراسٹرکچر کی اپ گریڈیشن، فائر سروس سٹیشن کے قیام اور سکولوں کی بہتری سمیت مختلف مسائل سے آگاہ کیا۔