راجا ارشاد احمد
گاندربل// پولیس سٹیشن گاندربل نے سپیشل آپریشن گروپ کے ساتھ مل کر بدھ کے روز ضلع میں کی گئی ایک کارروائی کے دوران ہتھیار، دھماکہ خیز مواد اور بڑی نقد رقم برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔حکام کے مطابق برآمدگی میں ایک چینی پستول، ایک میگزین، چار رانڈوز اور دو دستی بم شامل ہیں۔ کارروائی کے دوران 8.40 لاکھ روپے کی نقد رقم بھی ضبط کی گئی۔پولیس نے بتایا کہ یہ برآمدگی دو افراد کے قبضے سے کی گئی جن کی شناخت بانگیر محلہ کے رہنے والے غلام نبی میر، حاجن بانڈی پورہ اور شبنم نذیرساکن شالہ بگ گاندربل کے بطور ہوئی ہے۔پولیس نے مزید بتایا کہ ملزمان کو گاندربل میں گندریمان پل کے قریب رجسٹریشن نمبر JK15B-7309 والے آٹو رکشا میں سفر کرتے ہوئے روکا گیا۔ تلاشی کے دوران معیاری قانونی طریقہ کار کے مطابق اسلحہ، دھماکہ خیز مواد اور نقدی برآمد کی گئی۔پولیس نے بتایا کہ پولیس سٹیشن گاندربل میں ایف آئی آر نمبر 204/2025 کے تحت غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام ایکٹ کی دفعہ 13 اور انڈین آرمس ایکٹ کی دفعہ 7 اور 25 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ برآمد شدہ اسلحے، دھماکہ خیز مواد اور نقدی کے ماخذ کا پتہ لگانے کے ساتھ ساتھ مجرمانہ نیٹ ورکس کے ساتھ کسی بھی ممکنہ روابط کا تعین کرنے کے لیے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔