گاندربل//نیشنل کانفرنس کے سینئر رہنما اور سابق رکن اسمبلی کنگن میاں الطاف احمد نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ جموں کشمیر بنک کے اے ٹی ایموںپر تعینات محافظوں کی ماہانہ اُجرتوں میں کمی اور برطرفی ان سینکڑوں افراد کے ساتھ ناانصافی اور ظلم ہے،جو برسوں سے اے ٹی ایمز کی حفاظت کی ذمہ داریاں پوری لگن اور محنت سے انجام دے رہے ہیں۔میاں الطاف احمد نے کہا کہ مہنگائی کے اس دور میں ان محافظوں کو ماہانہ 7500 روپے اجرت فراہم کی جاتی ہے، ایسے میں ان کی ماہانہ اجرتوں میں 2ہزار روپے کم کرنا ناانصافی کے مترادف ہے،جبکہ ان میں سے سینکڑوں محافظ برسوں سے تعینات ہیں اوران میں کچھ کی برطرفی ان خاندانوں کی روزی روٹی چھیننے کے برابر ہے۔انہوں نے لیفٹیننٹ گورنر سے مطالبہ کیا کہ جموں کشمیر بنک کے اے ٹی ایمز پر تعینات محافظوں کی اجرتوں میں نہ ہی کمی کی جائے اور نہ ہی کسی محافظ کی برطرفی عمل میں لائی جائے۔