جموں/ گورنر کے مشیر کے وِجے کمار نے نگروٹہ میں یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس محکمہ کی طرف سے قائم کئے جارہے کھیل گائوں کا سنگ بنیاد رکھا ۔ انہوں نے کھیل گائوں میں حال ہی میں تعمیر کئے گئے انڈور شوٹنگ رینج کا بھی افتتاح کیا۔ ڈی جی پی جے اینڈ کے دلباغ سنگھ ، ڈویژنل کمشنر جموں سجیو ورما ، آئی جی پی جموں ایم کے سنہا ، آئی جی پی آرمڈ دانش رانا، کمشنر سیکرٹری پی ڈی ڈی ہردیش کمار ، سیکرٹری سپورٹس اینڈ یوتھ سروسز و اطلاعات سرمد حفیظ ، ایم ڈی جے کے پی سی سی ایم راجیو ، ڈائریکٹر جنرل یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس ڈاکٹر سلیم الرحمان ، پرنسپل سینک سکول نگروٹہ اور کئی دیگر افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔نگروٹہ کے سابق ایم ایل اے دویندر سنگھ رانا اور علاقے کے پنچوں اور سرپنچوں نے بھی تقریب میں شرکت کی۔مجوزہ کھیل گائوں جے کے پی سی سی کی طر ف سے 170 کنال اراضی پر تعمیر کیا جائے گا اور اس میں تمام کھیلوں کی سہولیات موجود ہوں گی ۔ ڈی جی یوتھ سروس اینڈ سپورٹس نے کھیل گائوں پروجیکٹ کا تفصیلی خاکہ پیش کیا۔انڈور شوٹنگ رینج کا افتتاح کرنے کے بعد مشیر موصوف نے اس کھیل کا مشاہدہ کیا۔ انہوں نے کھلاڑیوں کے ساتھ بات چیت کی اور سہولیات کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔ انہوں نے شوٹروں پر زور دیا کہ وہ اپنی صلاحیتوں کو اُجاگر کریں تاکہ وہ قومی اور بین الاقوامی سطح کے مقابلوں میں بہترکارکردگی کا مظاہر ہ کرسکے ۔سابق ایم ایل اے نگروٹہ نے مشیر کا شکریہ اداکرتے ہوئے ان سے درخواست کی یہ پروجیکٹ جلد از جلد مکمل کیا جانا چاہیئے ۔تاکہ کھیل سرگرمیوں کو فروغ مل سکے۔ بعد میں مشیر نے کئی دیگر کھیلوں کے کھلاڑیوں کے ساتھ بھی بات چیت کی اور یقین دلایا کہ حکومت ریاست میں کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کو بڑھاوا دینے کے لئے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔انہوں نے سیکرٹری یوتھ سروسزاینڈ سپورٹس اور ڈی جی یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس کو ہدایت دی کہ وہ ذاتی طور پر کام کی رفتار پر نظر گزر رکھیں تاکہ کھیل گائوں پروجیکٹ کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جاسکے ۔