سرینگر// قومی تفتیشی ایجنسی’این آئی اے‘ نے کہا کہ اس ادارے نے اسلامک اسٹیٹ (آئی ایس) سے متعلق 37معاملات کی تحقیقات کی ہے،جس میں168افراد کی گرفتاری عمل میں لائی گئی اور31کیسوں میں فرد جرم پیش کیا گیا۔ ’این آئی اے‘ کی جانب سے جاری بیان میں کہا ہے کہ تفتیشی ایجنسی’این آئی اے ‘نے جنگجویانہ حملوں ، سازش اور فنڈنگ کے 37 معاملات کی تفتیش کی ہے جبکہ تازہ ترین کیس’ این آئی اے‘ نے جون 2021 میں درج کیا تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ ان مقدمات میں کل 168 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے جبکہ 31 مقدمات میں چارج شیٹ دائر کی گئی ہیں ، اور 27 ملزمان کو مقدمے کی سماعت کے بعد سزا سنائی گئی ہے۔ قومی تفتیشی ایجنسی کا کہنا ہے کہ تفتیش سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ آئی ایس (اسلامک سٹیٹ) مسلسل پراپیگنڈہ کے ذریعے بھارت میں اپنے خیمے گاڑنے کی کوشش کر رہا ہے،اور نوجوانوں کو سوشل میڈیا پلیٹ فارمز جیسے فیس بک ، ٹویٹر اور انسٹاگرام پر نشانہ بنایا جاتا ہے۔ بیان کے مطابق تحقیقات کے دوران اس بات کا انکشاف ہوا’’ ایک بار جب کوئی شخص دلچسپی ظاہر کرتا ہے ، تو وہ خفیہ کردہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم کا استعمال کرتے ہوئے اور بیرون ملک مقیم آن لائن ہینڈلرز کے ساتھ بات چیت کرنے پر آمادہ ہوتا ہے۔‘‘ ان کا کہنا ہے کہ یہ ہینڈلرز شخص کی چالاکی پر انحصار کرتے ہوئے اس شخص کو آن لائن مواد اپ لوڈ کرنے ، آئی ایس تحاریر کا مقامی زبان میں ترجمہ کرنے ، سازش ، ماڈیول کی تیاری ، اسلحہ اور گولہ بارود جمع کرنے ، بارودی مواد کی تیاری ، انتہا پسندی کیلئے فنڈنگ اور یہاں تک کہ حملوں کے لیے استعمال کرتے ہیں۔انہوں نے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس صورتحال میں انٹرنیٹ پر اس طرح کی کوئی بھی سرگرمی حکام کے نوٹس میں لائی جائے یا این آئی اے سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔