شوپیان// امام صاحب شوپیان کے مضافاتی گائوں کینہ گام میں شبانہ مسلح تصادم حال ہی میں بھرتی ہوئے 3جنگجوئوں کی ہلاکت اور ایک کے سرنڈر کرنے پر ختم ہوا۔ان جنگجوئوں کو رات بھر ہتھیار ڈالنے کی پیشکش کی گئی۔جاں بحق جنگجوئوں میں سے ایک نے محض 4روز قبل ہتھیار اٹھائے تھے،ایک نے 11روز قبل اور تیسرے نے5ماہ قبل جنگجوئوں کی صفوں میں شمولیت اختیار کی تھی۔دو ایک ہی گائوں کے تھے۔جھڑپ کے باعث ضلع شوپیان میں جمعرات کو دن بھر موبائل انٹر نیٹ سروس منقطع رہی۔
مسلح جھڑپ
پولیس نے بتایا کہ بدھ کی شام قریب 5بجے انہیں کینہ گام میں جنگجوئوں کی موجودگی کی اطلاع ملی جس کے بعد میوہ باغات کو کھنگالا گیا جس کے دوران گائوں کی طرف جانے والی ایک کھائی میں کچھ مشتبہ حرکات دیکھیں گئیں اور فورسز نے ہوائی فائرنگ کی۔پولیس نے بتایا کہ اسکے فوراً بعدساڑھے 5بجے44 آر آر،178بٹالین سی آر پی ایف اور پولیس کے آپریشن گروپ نے بستی اور میوہ باغات کا گھیرا تنگ کیا اور ناہ بندی کر کے روشنی کا انتظام کیا۔رات دیر گئے ایک میوہ باغ میں تعمیر کئے گئے عارضی شیڈ میں موجود جنگجوئوں کی شناخت کے بارے میں معلومات دستیاب ہوئیں اور رات کے دوران ی جنگجوئوں کو سرنڈر کرنے کی پیشکش کی گئی۔حتیٰ کہ جنگجوئوں کے قریبی رشتہ داروں اور والدین نے بھی کئی بار انہیں ہتھیار ڈالنے کی اپیل کی لیکن وہ نہیں مانے۔بار بار والدین کی جانب سے اپیلیں کرنے کے باوجود بھی انہوں نے سرنڈر نہیں کیا اور صبح سوا چار بجے فورسز پر فائر کھول دیا۔اسکے بعد طرفین میںفائرنگ کا تبادلہ ہوا۔قریب صبح 5بجے محصور ایک جنگجو توصیف احمد ٹھوکر ولد محمد یوسف ساکن خواجہ پورہ شوپیان نے سرنڈر کیا، جسے فورسز نے اپنی تحویل میں لیا۔اسکے بعد طرفین کے درمیان دوبارہ فائرنگ ہوئی اورصبح 6بجے عارضی شیڈ میں موجود دیگر 3جنگجو جاں بحق ہوئے۔جنکی لاشیں فورسز نے اپنی تحویل میں لیں اور تلاشی کارروائی عمل میں لانے کے بعد محاصرہ ختم کیا۔جاں بحق جنگجوئوں کی شناخت زاہد احمد ریشی ولد بشیر احمد ریشی ساکن ربن زینہ پورہ( یکم مئی 2021)،دانش احمد میر ولد سبزار احمد میر ساکن خواجہ پورہ شوپیان(24اپریل 2021) اورعمر احمد بٹ ولد غلام حسن بٹ ساکن خواجہ پورہ شوپیان (7دسمبر 2020)۔پولیس نے جھڑپ میں تین جنگجوئوں کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایاکہ شوپیان میں البدر سے وابستہ تین مقامی جنگجوفورسز آپریشن کے دوران جاں بحق ہوگئے جبکہ ایک جنگجو نے فورسز کے سامنے سرنڈر کیا۔پولیس نے سرنڈر کرنے والے جنگجو کی شناخت توصیف احمد کے طور کی ہے جبکہ جاں بحق جنگجوئوں کی شناخت ہونا ابھی باقی ہے۔پولیس کے مطابق صبح جونہی فورسز نے جنگجوئوں کے چھپنے کی جگہ کا پتہ لگایا تو اْنہیں سرنڈر کرنے کیلئے کہا گیا لیکن جنگجوئوںں نے اس پیشکش کو مسترد کرتے ہوئے فورسز پرگرینیڈ پھینکا۔ پولیس کے مطابق اس موقع پر فورسز اور جنگجوئوں کے مابین فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں تین جنگجو جاں بحق ہوگئے۔ آئی جی پی کشمیر نے بتایا کہ مہلوک جنگجوئوں سے اسلحہ و گولہ بارود ضبط کر لیا گیا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ جنگجوئوں کو خود سپردگی کرنے کی کئی بار پیشکش کی گئی تاہم صرف ایک نے پولیس اور والدین کی اپیل کاجواب دیکر ہتھیار ڈالے۔
سانبہ میں بی ایس ایف کی فائرنگ
دراندازی کرنیوالا نوجوان ہلاک
یو این آئی
جموں//سانبہ سیکٹر میں بی ایس ایف نے ایک درانداز کو گولی مار کر ہلاک کرنے کا دعویٰ کیاہے جس کے قبضے سے پاکستانی کرنسی کا ایک نوٹ اور سگریٹ کاپیکٹ برآمد کرلیا گیا ۔ سانبہ سیکٹر میں سرحدی حفاظتی فورسز(بی ایس ایف) نے جمعرات کو ایک 26سالہ نوجوان کو گولی مار کر ہلاک کرڈالا ۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ضلع سانبہ میں بین الاقوامی سرحد پر بی ایس ایف اہلکاروں نے بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب کے قریب 2 بجکر35 منٹ پر ایک شخص کی مشکوک نقل و حمل دیکھی۔ جوانوں نے پہلے اس شخص کو رکنے کو کہا لیکن اس نے توجہ نہیں کی جس کے بعد اس کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔مہلوک نوجوان سے 100روپے کی پاکستانی کرنسی کا نوٹ اور ایک سیگریٹ کا پیکٹ برآمد ہوا ۔