رام بن +بانہال// رام بن کے کیلا موڑ پر 26روز بعد بیلی برج کو ہٹا دیا گیا ہے۔آج سے پرانی شاہراہ سے ہی گاڑیوں کی آمد و رفت ہوگی۔تاہم نیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیا حکام کے مطابق ابھی شاہراہ پر یکطرفہ گاڑیاں ہی چلیں گی۔جمعہ کو حسب معمول جموں سرینگر شاہراہ کی مرمت کی وجہ سے دونوں جانب سے گاڑیوں کی آمد ورفت معطل رہی۔اس دوران بیکن کے اعلیٰ افسران جمعہ کی صبح 11بجے کیلا موڑ پر پہنچ گئے جہاں انہوں نے انجینئروں، ٹیکنیشنوں اور مزدوروں کی مدد سے بیلی برج کو کھولنے کا کام شروع کیا۔جمعہ کی شام دیر گئے تک بیلی برج کو پرانے پل اور سڑک سے ہٹانے کا کام جاری تھا اور بیکن حکام نے بتایا کہ سنیچر کی صبح 10بجے تک لوہے سے بنے بیلی برج کے تمام میٹریل کو ہٹایا جائیگا جس کے بعد پرانی سڑک پر یکطرفہ ٹریفک چلنے کی اجازت دی جائیگی۔نیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیا نے کہا کہ کیلا موڑ کے نزدیک شاہراہ کا جو حصہ تباہ ہو چکا تھا اس کی مرمت مکمل کی جا چکی ہے ۔ اور اب سنیچرسے شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل معمول کے مطابق جاری رہے گی ۔کیلا موڑ پر پل کے نزدیک سڑک کا ایک بڑا حصہ 10جنوری کو ڈھہ گیا تھا جس کیساتھ سڑک کی ایک دیوار بھی گر گئی تھی۔اسکے بعد شاہراہ 6روز تک بند رہی اور بیکن حکام نے بتایا تھا کہ سڑک کو دوبارہ قابل آمد و رفت بنانے کیلئے 15روز درکار ہونگے۔ لیکن ہائی وے اتھارٹی اور بیکن کیساتھ جموں کشمیر انتظامیہ نے معاملہ اٹھایا اور بیلی برج ریکارڈ 60گھنٹے میں تیار کر کے شاہراہ پر گاڑیوں کی یکطرفہ آمد و رفت یقینی بنائی گئی۔16جنوری سے شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حرکت بحال کی گئی تھی۔ اب 26روز کے بعد بیلی برج کا ہٹایا گیا ہے۔ آئی جی پی ٹریفک ٹی نمگیال نے بتایا کہ مرمتی کام مکمل ہو چکا ہے جو کہ مسافروں کیلئے ایک بڑی خوش خبری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مرمتی کام مقرر وقت کے اندر مکمل ہونے سے بڑی راحت نصیب ہوئی ہے ۔تاہم انہوںنے کہا کہ چونکہ علاقے میںزیادہ تر پسیاں گر آتی ہے تو کچھ دنوں تک شاہراہ پر صرف یک طرفہ ٹریفک کو ہی چلنے کی اجازت ہو گی ۔