پتھری بل کنگن میں بجلی کی نایابی کیخلاف احتجاج سرینگرسونہ مرگ شاہراہ پرٹریفک متاثر

 غلام نبی رینہ

کنگن//پتھری بل کنگن میں بجلی کی نایابی کے خلاف لوگوں نے سرینگر سونمرگ سڑک پر احتجاجی دھرنا دیا،جس کی وجہ سے سڑک پرٹریفک کی آمد ورفت مسدود ہوگئی۔ احتجاجیوں نے الزام لگایا کہ پتھری بل کی مقامی بستی ایک ماہ سے بجلی کی عدم دستیابی سے پریشان ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ مقامی بستی میں تین بجلی ٹرانسفارمر وںکو نصب کیا گیا ہیںلیکن چند ہی گھنٹوں میں بجلی ٹرانسفارمر خراب ہوجاتاہے جس کی وجہ سے بستی ایک ماہ سے گھپ اندھیرے میں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اگرچہ انہوں نے بار بار محکمہ سے مطالبہ کیا تھا کہ مقامی بستی میں نیا بجلی ٹرانسفارمر نصب کیا جائے تاکہ لوگوں کو بار بار بجلی کی عدم دستیابی کو لیکر پریشانیوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

 

احتجاجی مظاہرین کا کہنا تھا کہ اگر وہ بجلی فیس میں اضافہ ہونے کے بعد بھی بجلی فیس وقت پر ادا کرتے ہیں لیکن اس کے باوجود بھی محکمہ بہتر بجلی سپلائی دینے میں ناکام دکھائی دے رہاہے۔ انہوں نے بتایا کہ اگر آج ہی مقامی بستی میں نیا بجلی ٹرانسفارمر نصب نہیں کیا گیا تو وہ دوبارہ احتجاج کرنے پر مجبور ہوںگے جس کی ذمہ داری محکمہ بجلی پر عائد ہوگی۔ اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او گنڈ انسپکٹر لطف علی تحصیلدار گنڈ اپنے عملے کے ہمراہ جائے موقع پر پہنچ گئے اور احتجاجی لوگوں کو یقین دلایا کہ وہ یہ معاملہ محکمہ بجلی کے افسران سے اٹھائیں گے۔ ان کی یقین دہانی پر احتجاجی لوگوں نے پر امن طور پر دھرنا ختم کیا اور شاہراہ پر ٹریفک کو بحال کیا گیا ۔ اس سلسلے میں کشمیر عظمی کو ایگزیکٹو انجینئر پی ڈی ڈی گاندربل دلشاد احمد کاوسہ نے بتایا کہ علاقے میں 63کے وی بجلی ٹرانسفارمر لگا ہوا تھا جو زیادہ اورلوڈنگ کی وجہ سے بار بار خراب ہوجاتا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کو بھی چاہیے کہ وہ اس کی طرف بھی توجہ دے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اب آج 100کے وی ٹرانسفارمر روانہ کرکے نصب کیا گیا ہے، تاکہ مقامی بستی کی مشکلات کاازالہ ہو۔