یہ بات روزِ روشن کی طرح عیاں ہے کہ نسل انسانی میں جتنی بھی جدت اور انقلاب آئے ہیں،اُن کے پیچھے ہر طبقہ کے افراد کی فکر کار فرما رہی ہے ،جبکہ ہر مہذب اقوام کی نسلِ نو اپنے خوابوں کو پورا کرنے کے لئے اپنے روشن مستقبل کا انتخاب خود کرتی آئی ہےاوروہ کم عمری میں ہی اپنی علمی قابلیت ،صلاحیت اور فن و ہُنرکو بڑھاکر اُس کے مطلوبہ معیارات سے روشناس ہونے کے لئےکامیابی کے اصولوں سے ہم آہنگ ہوجاتی ہے۔ وہ نہ توبے مقصد آرزوئوںکے سحر میں مبتلا رہتی ہے اور نہ ہی اُنہیں اپنا ذہنی رویہ اور نقطۂ نظر بدلنے کی ضرورت پڑتی ہے،جس کے نتیجے میں وہ ہر شعبہ ہائے زندگی میں اپنا لوہا منوانے میں کامیاب ہوجاتی ہے۔ ہر زمانے میں انسان کوپنپنے کے لئے اپنےاپنے انداز رہے ہیںاور زمانے کے تقاضے کے مطابق آگے بڑھنے کی راستے بھی کھوج لئےجاتے ہیں اور یہ سلسلہ جاری ہے اور آگے بھی جاری رہے گا ۔چنانچہ موجودہ دور سائنس اور ٹیکنالوجی کےانقلاب کا ہے، آئے روز کائنات کے چھپے راز منکشف ہو رہے ہیں اور اظہارِ دنیا کے تناظر بدل رہے ہیں۔ اس علمی انقلاب میں ہمارے کشمیری معاشرے کی نسلِ نو کا کیا کردار ہے؟یہ ایک غورطلب بات ہے۔کیونکہ ہر معاشرے کی طرح ہمارے معاشرے کے لئے ہماری نوجوان نسل رگِ جان کی حیثیت رکھتی ہے۔اُن کی ہمت اور محنت میں جہاں ہماری ترقی اور کامیابی مضمر ہے وہیں اُن کی کوتاہی اور غلط روی ہماری عزت ووقار کے لئے پستی کی علامت ہے۔کیونکہ ہماری آج کی نوجوان نسل ہی ہمارے کل کی تاریخ مرتب کرنے والے ہیں اور انہیں کے فکرو عمل سے ہمارے معاشرے کا مستقبل وابستہ ہے۔اس لئے جس قدر ہماری نوجوان نسل کی اہمیت اور ذمہ داریاں ہیں،اُسی قدر اُن کے مسائل بھی ہیں،جن پر سنجیدگی کے ساتھ غور فکر کرنے کی ضرورت ہے۔نوجوان نسل کے مسائل اور مشکلات کو حل کرنے کے لئے نہ صرف نوجوان اور معاشرے کو ایک دوسرے کے ساتھ ہم آہنگ ہونا لازمی ہےبلکہ حالات و واقعات کے تقاضوں کو سمجھنا اور ہر پہلو پر نظر رکھنا بھی ضروری ہے۔مگر افسوس !ان دونوں صورتوں کے تناظرمیں
نہ ہماری نوجوان نسل وقت کی اہمیت ،حالات کی نزاکت اور مستقبل کے تقاضوں کو جاننے کی کوشش کرتی ہے اور نہ ہی معاشرے کونوجوان نسل کے لئے کسی فعال یا مثبت مستقبل کی کوئی فکر لاحق ہے،گویا پوارا معاشرہ بکھرا ہوا ہے۔جس کے نتیجے میں ہماری نوجوان نسل انجانے اور فریبی راستوں پر بھٹک رہی ہے۔آج جب وادیٔ کشمیر کے مسلم معاشرے کی نوجوان نسل کی حد درجہ بگڑی ہوئی صورت حال پر نظر ڈالی جاتی ہے تو انتہائی دُکھ ہورہا ہے کہ ہمارا مستقبل کس طرح کی بُرائیوں اور خرابیوں کی نذر ہوتا چلا جارہا ہے۔جہاں وہ پُر تعیش طرزِ زندگی کے سحر میں مبتلا ہے،وہاں وہ ماڈرن ازم کے نام پر اپنی اقدار کی دھجیاں اُڑا رہا ہے،جبکہ علم، فن، ہنر، ایجاد، ریسرچ، ٹیکنالوجی اور ترقی کے آداب و اطوار سے بھی کوسوں دور ہورہا ہے۔وہ آوارگی اوربے راہ روی میں مبتلا ہوکر جرائم کی طرف راغب ہورہا ہے۔ نوجوان نسل کی ایک کثیر تعداد مختلف منشیات کے استعمال کی عادی ہوکر جہاںذہنی اور جسمانی طور پر مفلوج ہورہی ہے وہیں ایک اچھی خاصی تعدا د دوسری کئی خرابیوں کی شکار ہوچکی ہے جو نہ صرف ہماری تہذیب و اخلاقی اقدار کے خلاف ہیں بلکہ دینی اصولوں کے بھی منافی ہیں۔افسوس ناک امر یہ ہے کہ ہمارے معاشرے کے بعض بے غیرت اور ضمیر فروش ناجائز کاروباری اداروں نے معاشرے کی نوجوان نسل کو بگاڑنے اور اُسے ہر طرح سے آلودہ کرنے کے لئے مختلف غیر قانونی دھندوں میں دھکیل دیا ہے۔جس کے نتیجے میں تمام تر غلیظ ،ناپاک اور انسان دشمن غیر قانونی دھندے وادی کے اطراف و اکناف کی ہر گلی اور کوچے تک پہنچ گئے ہیں،جس سے کم عمر نسل کا بگڑنے کا عمل بھی تیز ہونے لگا ہے۔تعجب ہے کہ اتنا سب کچھ ہونے کے بعد بھی معاشرے کی فکروسوچ مُردہ اور مفلس ہے۔معاشرہ بکھر رہا ہے ،معاشرے کی نوجوان نسل تباہ و برباد ہورہی ہے اور معاشرے کی کمسِن و نوعمر نسل کو بگاڑنے کے تمام تر سامان ہر ایک کی دہلیزپر میسرہیں،اس کے بعد بھی ہم نہ اس صورت حال کا مقابلہ کرنے کی ہمت جٹا رہے ہیں اور نہ اس صورت حال کے اسباب و علل کو جاننے کی کوئی ٹھوس کوشش کررہے ہیںاور محض بحث ومباحثوں،تقریروںوتحریروں اور نعرہ بازیوں سے ہی کام چلارہے ہیں۔