عظمیٰ نیوزسروس
جموں//نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمار چودھری نے بلئرڈز اینڈ سنوکر ہال ایم اے سٹیڈیم جموں میں 29ویں یو ٹی بلئرڈز اینڈ سنوکر چیمپئن شپ 2025کی اختتامی تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی ۔ نائب وزیر اعلیٰ کے ہمراہ یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس کے وزیر ستیش شرما اور وزیر اعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی بھی تھے ۔ یہ چیمپئن شپ جموں و کشمیر بلئرڈز اینڈ سنوکر ایسوسی ایشن کی جانب سے منعقد کی گئی تھی اور اس میں جموں و کشمیر بھر سے تقریباً 200کھلاڑیوں نے پرجوش شرکت کی ، جو جموں و کشمیر میں کیو اسپورٹس کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کی عکاسی کرتی ہے ۔ اس موقع پر نائب وزیر اعلیٰ نے شرکاء اور فاتحین کو مبارکباد دی اور منتظمین کو طویل عرصے تک بہترین طریقے سے تقریب منعقد کرنے پر سراہا ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ نے زور دیا کہ کھیل افراد کو جسمانی اور ذہنی طور پر صحت مند رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اور نوجوانوں کی توانائی کو مثبت اور تعمیری سمت میں موڑنے کا ایک طاقتور ذریعہ ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں میں باقاعدہ شرکت نوجوانوں میں نظم و ضبط ، ٹیم ورک اور صحت مند مقابلے کی روح پیدا کرتی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر کی حکومت کھیلوں کی ترویج پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور جموں و کشمیر کے تمام اضلاع میں عالمی معیار کی کھیلوں کا انفراسٹرکچر بنانے کا عزم رکھتی ہے ۔ انہوں نے کھیلوں کی تنظیموں اور ایسوسی ایشنز کو مسلسل تعاون کی یقین دہانی کرائی تا کہ نوجوان ٹیلنٹ کو پرورش دی جا سکے اور نوجوان ایتھلیٹس کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر کمال دکھانے کے پلیٹ فارم مہیا کئے جا سکیں ۔ سریندر چودھری نے ایم اے اسٹیڈیم جموں میںہی تین روزہ 17ویں جونئیر رول بال نیشنل چیمپئن شپ کا باضابطہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر نائب وزیر اعلیٰ کے ہمراہ وزیر برائے سپورٹس ستیش شرما ، وزیر اعلیٰ کے مشیرناصر اسلم وانی ، سپورٹس کونسل کے سینئر افسران اور دیگر شخصیات موجود تھیں ۔ نائب وزیر اعلیٰ نے جموں و کشمیر سے تعلق رکھنے والے بین الاقوامی گولڈ میڈل جیتنے والوں کو بھی اعزاز سے نوازا اور ان کی شاندار کامیابیوں اور یو ٹی کو عالمی سطح پر شہرت دلانے میں ان کے تعاون کی قدر کی ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کھیل شہریوں کو مختلف علاقوں اور ثقافتوں سے جوڑنے کا ایک طاقتور ذریعہ ہے ۔ انہوں نے زور دیا کہ جموں و کشمیر کی حکومت جموں و کشمیر کے ہر کونے میں کھیلوں کو فروغ دینے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے جس کا مقصد نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے اور دکھانے کیلئے مناسب پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے ۔ نائب وزیر اعلیٰ نے جموں و کشمیر اسپورٹس کونسل کو قومی سطح کے چیمپئن شپ کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دی ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ جموں و کشمیر کی ٹیمیں اور دیگر ریاستوں کے شرکاء کھیلوں کی روح کو آگے لے جائیں گے اور اپنے علاقوں اور ملک کا قومی اور عالمی سطح پر فخر کا باعث بنیں گے ۔ اس موقع پر تقریر کرتے ہوئے وزیر برائے یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس ستیش شرما نے تمام شرکاء کو نیک خواہشات پیش کیں اور اسپورٹس کونسل کو بڑے پیمانے پر چیمپئن شپ کے انعقاد پر سراہا ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی نے جموں شہر میں شرکاء کا پرجوش استقبال کیا اور انہیں بہترین مہمان نوازی کی یقین دہانی کرائی ۔ انہوں نے کہا کہ جموں میں قومی سطح کی چیمپئن شپ کی میز بانی جے اینڈ کے کیلئے فخر کا باعث ہے ۔