عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//سرینگر کے نواحی علاقے خانموہ میں ایک نجی سیمنٹ فیکٹری میں جمعرات کو پیش آئے حادثے میں دو ملازم زخمی ہو گئے۔ حکام کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب دونوں ملازم بجلی کی تار کی مرمت کر رہے تھے اور توازن کھو کر کھمبے سے نیچے گر گئے، جس کے نتیجے میں انہیں متعدد چوٹیں آئیں۔ زخمیوں کو فوری طور پر ایس ایم ایچ ایس اسپتال سرینگر منتقل کیا گیا۔ زخمیوں کی شناخت ارشاد احمد چوپان ساکن خانموہ، سرینگر اور محمد شفی کٹہ ساکن کولگام (عمر تقریباً 30 برس) کے طور پر ہوئی ہے۔ اسپتال ذرائع نے بتایا کہ دونوں کو گرنے کے باعث کئی چوٹیں آئی ہیں تاہم ان کی حالت مستحکم ہے اور وہ زیرِ علاج ہیں۔دریں اثناء سرینگر کے مضافاتی علاقے حیدر پورہ میں جمعرات کی صبح ایک سڑک حادثے میں ایک موٹر سائیکل سوار شدید زخمی ہو گیا جب اسکی موٹر سائیکل کو نامعلوم گاڑی نے ٹکر مار دی۔حکام نے بتایا کہ اس واقعے میں زخمیوں کو متعدد زخم آئے ہیں اور انہیں فوری طور پر سری نگر کے ایس ایم ایچ ایس ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔زخمی کی شناخت65سالہ عبدالحمید ساکن اومپورہ، بڈگام کے طور پر کی گئی ہے۔دریں اثناء پولیس نے واقعہ کا نوٹس لے لیا ہے اور مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔