ایجنسیز
وینکوور/فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا ورلڈ کپ 2026 کے لیے یلو کارڈز کے قوانین میں نرمی لانے پر غور کر رہی ہے ۔ ‘دی ایتھلیٹک’ کی رپورٹ کے مطابق، فیفا کی جانب سے ٹورنامنٹ کے دوران کھلاڑیوں کے لیے دوسری (ایمنسٹی معافی) کی مدت متعارف کرانے کا منصوبہ بنایا گیا ہے تاکہ اہم کھلاڑیوں کو ناک آؤٹ مرحلے میں معطلی سے بچایا جا سکے ۔فیفا کونسل کا اہم اجلاس منگل کے روز وینکوور میں منعقد ہو رہا ہے ، جس میں فٹ بال کی تاریخ کے پہلے 48 ٹیموں پر مشتمل ورلڈ کپ کے لیے نئے قواعد و ضوابط پر بحث کی جائے گی۔ اس اجلاس میں یلو کارڈز کا دائرہ کار بڑھانے کی تجویز زیرِ غور ہے تاکہ کارڈز جمع ہونے کی وجہ سے کھلاڑیوں کی میچوں میں شرکت پر پابندی کے امکانات کو کم کیا جا سکے ۔ماضی کے ورلڈ کپ مقابلوں میں کھلاڑیوں کے یلو کارڈز صرف کوارٹر فائنل کے بعد ختم کیے جاتے تھے ، لیکن نئے منصوبے کے تحت اب کارڈز کو گروپ اسٹیج کے اختتام پر بھی ختم کیا جائے گا۔
اس کے بعد کوارٹر فائنل مکمل ہونے پر بھی کارڈز کا ریکارڈ دوبارہ صاف کر دیا جائے گا۔عام طور پر دو یلو کارڈز ملنے پر کھلاڑی پر ایک میچ کی پابندی عائد کر دی جاتی ہے ۔ چونکہ 2026 کا ورلڈ کپ وسیع پیمانے پر کھیلا جائے گا اور اس میں ایک اضافی ناک آؤٹ راؤنڈ (راؤنڈ آف 32) شامل کیا گیا ہے ، اس لیے کھلاڑیوں کے پاس سیمی فائنل سے پہلے کارڈز جمع ہونے کا خطرہ بڑھ گیا تھا۔دو بار ایمنسٹی ملنے کی صورت میں ایک کھلاڑی صرف اسی صورت معطل ہوگا اگر وہ گروپ اسٹیج کے تین میچوں میں دو یلو کارڈز حاصل کرے ۔یا پھر سیمی فائنل سے پہلے کے تین ناک آؤٹ راؤنڈز میں دو یلو کارڈز لے لے ۔اس اقدام کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ شائقینِ فٹ بال سیمی فائنل اور فائنل جیسے بڑے مقابلوں میں اپنے پسندیدہ اسٹار کھلاڑیوں کو ایکشن میں دیکھ سکیں۔