جموں // جموں وکشمیر بی جے پی یونٹ کے صدر رویندر رینہ نے کہا ہے کہ کچھ لیڈرابھی بھی دفعہ 370 کی بحالی کا خواب دیکھ رہے ہیں جو "ناممکن " ہے۔ انہوں نے سیاسی جماعتوں کو مشورہ دیا کہ وہ اس باب کو پیچھے چھوڑ دیں اور جب بھی انتخابات ہوں تواس میں حصہ لیں۔ کل جماعتی میٹنگ میںدہلی سے واپسی کے موقع پر یہاں پارٹی ہیڈ کوارٹر میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے یہ کہا کہ مرکز جموں و کشمیر میں ریاست کی بحالی کیلئے وعدے کا پابند ہے۔ انہوں نے کہا ”کچھ لیڈر اب بھی دفعہ370 کی بحالی کا خواب دیکھ رہے ہیں جس نے جموں و کشمیر میں علیحدگی پسندی ، دہشت گردی اور پاکستانی نظریہ کو جنم دیا اور لاکھوں جانوں کا زیاں ہوا، لوگوں کو تکالیف پہنچی اسے قیامت تک بحال نہیں کیا جاسکتا “ ۔پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی کے اس بیان کہ وہ دفعہ 370 کی بحالی تک انتخابات میں حصہ نہیں لیں گی،کے بارے میں رینہ نے کہا کہ رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کو اب جموں و کشمیر کے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے کام کرنا چاہئے۔انہوں نے کہا ”جب بھی انعقاد ہوتا ہے انہیں انتخابات میں حصہ لینا چاہئے، یہ ان کا جمہوری حق ہے،سب کو انتخابات میں حصہ لینا چاہیے“۔ انہوں نے مزید کہا کہ قومی دارالحکومت میں اجلاس کے دوران ریاست کی بحالی سمیت تمام معاملات پر خوشگوارماحول میں گفتگو کی گئی ۔