اشرف چراغ
کپوارہ //ضلع کپوارہ میں تازہ برف باری کے بعد نظام زندگی دو بارہ متاثر ہوئی۔ گزشتہ چند روز قبل ہونے والی شدید برف باری کے بعد ابھی بحالی کا عمل مکمل ہی ہوا تھا کہ تازہ برف باری نے بالائی اور میدانی علاقوں میں عوامی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ برف باری کے نتیجے میں کرناہ چوکی بل ، کیرن میلیال اور مڑھل کلاروس شاہراہیں گاڑیوں کی آمد و رفت کے لیے بند ہو گئی ہیں، جبکہ ضلع کے متعدد علاقوں میں بجلی سپلائی ایک مرتبہ پھر منقطع ہو چکی ہے۔کرناہ کی سادھنا ٹاپ پر تازہ اڑھائی فٹ برف جمع ہونے کی اطلاع ہے، جبکہ اس درے پر نئی اور پرانی ملا کر مجموعی طور پر تقریباً دس فٹ برف موجود ہے۔ اگرچہ 26 جنوری کی شام کو محکمہ بیکن کرناہ کپوارہ سڑک کو عارضی طور پر بحال کیا تھا، تاہم مسلسل برف باری کے باعث شاہراہ دوبارہ بند ہو گئی۔سادھنا ٹاپ کے آرپار شمس بھری پہاڑی سلسلہ، بنگس وادی، ٹاٹا راگنی اور دیگر بلند پہاڑی علاقوں میں کل شام تک شدید برف باری کا سلسلہ جاری تھا۔ وہیں کرناہ کے نہچیاں سے لے کر ٹیٹوال تک ایک سے دو فٹ تک تازہ برف جمع ہو چکی تھی۔ فرکیاں ٹاپ پر تازہ دو فٹ برف جمع ہونے کے باعث برف ہٹانے کا عمل ٹھپ ہو گیا ہے، جبکہ مڑھل اور ملحقہ علاقوں میں زیڈ گلی سمیت اندرونی سڑکوں کو بند کر دیا گیا ہے۔
ان علاقوں میں بجلی سپلائی بھی ایک بار پھر متاثر ہوئی ہے۔ضلع کے دیگر سرحدی علاقوں جن میں بڈنمل، جمہ گنڈ شامل ہے کا ضلع ہیڈ کواٹر سے 6 روز سے زمینی رابطہ منقطع ہے۔ادھر ضلع کے میدانی علاقوں میں ایک سے دو فٹ تک برف جمع ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ تاہم انتظامیہ کی جانب سے ضروری خدمات کی بحالی کے لیے اقدامات تیز کر دیے گئے ہیں۔لیکن مسلسل برف میں دقتیں پیش آتی رہیں۔تاہم اس کے باوجود بھی مین رابطہ سڑکوں سے برف ہٹائی گئی ۔برف باری کی وجہ سے ضلع میں بجلی کا نظام بھی بری طرح متاثر ہوا ہے۔دریں اثنا ضلع ترقیاتی کمشنر کپوارہ شری کانت بالا نے تمام محکمہ جات کو واضح ہدایات جاری کی ہیں کہ عوام کو کسی بھی صورت میں مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔