برسبین/ برسبین کے ایلن بارڈر فیلڈ میں آسٹریلیا کے خلاف کھیلے جا رہے پہلے ون ڈے میچ میں ہندوستان کی کپتان ہرمن پریت کور بیٹنگ کے دوران بائیں گھٹنے میں چوٹ لگنے کی وجہ سے فیلڈنگ کے لیے دستیاب نہیں رہیں۔ بی سی سی آئی کی جانب سے جاری کردہ طبی بیان کے مطابق، میڈیکل ٹیم ان کی انجری کا جائزہ لے رہی ہے اور ان کی بہتری پر نظر رکھی جا رہی ہے ۔اگرچہ یہ واضح نہیں ہو سکا کہ چوٹ کب لگی، لیکن بھارتی اننگز کے 38 ویں اوور میں انہیں میدان پر طبی امداد لیتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔ تکلیف کے باوجود وہ 44 ویں اوور تک کریز پر موجود رہیں اور 53 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئیں۔ ہندوستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 214 رنز بنائے ، جس میں کپتان ہرمن پریت (53) اور نائب کپتان اسمرتی مندھانا (58) کی نصف سنچریاں شامل تھیں۔ آخر میں کاشوی گوتم نے بھی 43 رنز کی مفید اننگز کھیل کر ٹیم کو ایک قابلِ دفاع مجموعے تک پہنچانے میں مدد کی۔