۔2برسوں کے دوران علاقے میں 11اہلکار اور 5ملی ٹینٹ ہلاک
سمیت بھارگو
جموں//سیکورٹی فورسز نے جمعرات کی صبح کٹھوعہ کے جنگلاتی علاقے میں چھپے ملی ٹینٹوں کو ڈھونڈ نکالنے کے لیے دوبارہ تلاشی مہم شروع کی۔ یہاں بدھ کی شام طرفین کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک سیکورٹی اہلکار زخمی ہوا ۔حکام نے بتایا کہ پولیس اور دیگر سیکورٹی فورسزاور پولیس کے سپیشل آپریشنز گروپ کی مشترکہ کارروائی بدھ کی شام بلاور کے کہوگ گائوں میں شروع کی گئی، جس کے نتیجے میں ایک انکائونٹر شروع ہوا۔پولیس نے بتایا کہ چھپے ہوئے ملی ٹینٹوں کا سراغ لگانے کے لیے رات بھر کی گھیرا بندی کے بعد سرچ آپریشن دوبارہ شروع کیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ دھنو پیرول کماد نالہ کے علاقے میں تلاشی لی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گھنے جنگل میں چھپے ملی ٹینٹوں کو پکڑنے کے لیے فضائی نگرانی کے ساتھ اضافی فورسز کو بھی بلایا گیا ہے۔جموں زون کے آئی جی پی، بھیم سین توتی نے X پر ایک پوسٹ میں کہا، “اندھیرے، گھنے پودوں اور مشکل خطہ کے باوجود،ایس او جی مسلسل کارروائی کررہی ہے اور سی آر پی ایف کی ٹیمیں بھی مشترکہ آپریشن میں حصہ لے رہی ہیں۔”حکام نے بتایا کہ بدھ کی شام کہوگ گائوں میں اس وقت فائرنگ شروع ہوئی جب سیکورٹی فورسز نے علاقے میں دو سے تین منلی ٹینٹوں کی موجودگی کی اطلاع کی بنیاد پر تلاشی مہم شروع کی۔فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک سیکورٹی اہلکار گولی ٹانگ میں لگنے سے زخمی ہوا۔ جسے ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔علاقے میں دراندازی کرنے والے ملی ٹینٹوںکے تین گروہوں کی نقل و حرکت کی بھی اطلاعات ہیں۔حکام نے بتایا کہ فوج، بی ایس ایف، پولیس اور سی آر پی ایف گزشتہ ایک ماہ سے مسلسل تلاشی مہم چلا رہے ہیں، سرحدی باشندوں کی شناخت کر رہے ہیں، اور سانبا اور کٹھوعہ اضلاع اور پنجاب کے ملحقہ علاقوں میں بین الاقوامی سرحد کے ساتھ گشت کو تیز کر رہے ہیں۔کٹھوعہ ضلع میں پچھلے دو سالوں میں سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے درمیان کئی تصادم دیکھنے میں آئے ہیں، جس کے نتیجے میں 11سیکورٹی اہلکار اور پانچ ملی ٹینٹ مارے گئے۔حکام نے بتایا کہ 2024 میں7 سیکورٹی اہلکار اور 2 ملی ٹینٹ مارے گئے جبکہ 2023میں4 سیکورٹی اہلکار اور 3 ملی ٹینٹ مارے گئے۔اس کے علاوہ، چار شہری پراسرار حالات میں ہلاک ہوئے، مقامی لوگوں کو ان کے قتل میں ملی ٹینٹوں کے ملوث ہونے کا شبہ ہے۔