نئی دہلی //ملک میں کورونا وائرس کے بڑھتے معاملات کو لے کر ڈی جی سی اے نے نئی گائیڈ لائن جاری کی ہے۔ اگر مسافر طیارہ میں ماسک نہیں پہنتا ہے اور ساتھ ہی کورونا گائیڈلائنس کی خلاف ورزی کرتا ہے تو ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ اگر مسافر بار بار یہ غلطی دوہراتا ہے تو ان کے ہوائی سفر پر طویل مدتی پابندی بھی لگائی جاسکتی ہے۔ڈی سی جی اے کی جانب سے جاری کئے گئے سرکلر میں کہا گیا ہے کہ ائیرپورٹ میں داخل ہونے کے بعد سے لے کر نکلنے تک ماسک پہننا لازمی ہوگا۔ سرکلر میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ سفر کے دوران جو مسافر سماجی فاصلہ اورکورونا گائیڈلائن پر عمل نہیں کرتا ہے تو اس کو طیارہ سے بھی اتار دیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ہی جو لوگ اپنے سفر کے دوران بار بار قوانین کی خلاف ورزی کرتے پائے جائیں گے ، انہیں شرارتی مسافر قرار دے دیا جائے گا۔ماسک کو اس وقت تک ناک کے نیچے نہیں کیا جاسکتا ہے جب تک کہ کوئی ناخوشگوار حالت نہ ہو۔ائیرپورٹ میں مسافر کی انٹری کے دوران سی آئی ایس ایف یا دیگر پولیس اہلکار یہ یقینی بنائیں گے کہ کوئی بھی ماسک کے بغیر اندر داخل نہ ہوسکے۔ائیرپورٹ ڈائریکٹر / ٹرمنل منیجر مسافر میں اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ انہوں نے ہمیشہ ٹھیک سے ماسک پہنا ہوا ہو۔