سرینگر //جموں و کشمیر کے دونوں صوبوں میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کی شدت میں اضافہ بدستور جاری ہے۔ جمعرات کو461افراد کی رپورٹیں مثبت آئیں جن میں سے 72افراد سفر کرکے واپس لوٹے ہیں۔ اس دوران 4افراد وائرس سے فوت ہوگئے۔ یہ 5ماہ بعد ریکارڈ تعداد ہے۔پچھلے 24گھنٹوں کے دوران جموں و کشمیر میں 38ہزار75تشخیصی ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے361 کشمیر اور100افرادجموں صوبے سے مثبت پائے گئے۔کشمیر سے تعلق رکھنے والے 361افراد میں306مقا می سطح پر جبکہ 55افراد بیرون ممالک اور ریاستوں سے سفر کرنے کے بعد واپس لوٹے ۔ کشمیر صوبے میں 3افراد کورونا وائرس سے فوت ہوئے ۔مرنے والوں میں وارپورہ شہہامہ کا 70سالہ معمر شخص، کلوسہ بانڈی پورہ سے تعلق رکھنے والا 73سالہ شخص اور پٹن بارہمولہ سے تعلق رکھنے والا 80سالہ معمر شخص شامل ہے۔ کشمیر میں متوفین کی مجموعی تعداد 1261ہوگئی ہے جبکہ متاثرین کی تعداد 78ہزار 380تک پہنچ گئی ہے جن میں2150سرگرم معاملات بھی شامل ہیں۔ سرینگر میں سرگرم معاملات 1158، بارہمولہ میں 415، بڈگام میں 180، پلوامہ میں 88، کپوارہ میں 76، اننت ناگ میں 58، بانڈی پورہ میں 33، گاندربل میں 28، کولگام میں 88 اورشوپیان میں 26 ہیں۔ جموں صوبے میں 100 مثبت افراد میں سے83مقامی سطح اور 17بیرون ریاستوں سے واپس لوٹے ہیں ۔ جموں صوبے میں وائرس سے ایک شخص فوت ہوا ۔ متوفین کی مجموعی تعداد 737ہوگئی ہے۔ متاثرین کی مجموعی تعداد 53ہزار کا ہندسہ پار کرکے 53ہزار 41ہوگئی ہے۔ ان میں 724سرگرم معاملات بھی شامل ہیں۔ سرگرم معاملات میں جموں میں 519، ادھمپور میں 31، راجوری میں 16، ڈوڈہ میں 6، کٹھوعہ میں 65، سانبہ میں 19، کشتواڑ میں 17، پونچھ میں23، رام بن میں 21اورریاسی میں 7افراد زیر علاج ہیں۔
بڈگام میں 39طلبہ اور9استاد متاثر
این آئی اے حضرتبل سرینگر،2نجی اور ایک ہائرسیکنڈری سکول بند
پرویز احمد
سرینگر //این آئی ٹی حضرتبل کو بند کردیا گیا ہے جبکہ بڈگام ضلع میں جمعرات کو مزید 39طلبہ، 9اساتذہ اورغیر تدریسی عملہ سے وابستہ ایک ملازم کی رپورٹ مثبت آئی۔ اس طرح وادی میں 15 فروری سے یکم اپریل تک 37 اساتذہ، غیر تدریسی عملہ کے 9افراد اور 98 طالب علم وائرس سے متاثر ہوئے ہیں ۔حکام نے دو نجی سکولوں اور ایک ہائرسیکنڈری سکول بھی طلبہ کیلئے بند کردیا ہے۔ این آئی ٹی(نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی ) سرینگر کی جانب سے جاری کی گئی ایک نوٹس میں عملہ کو ماسک اور دیگر ایس او پیز پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ کالج میں آج یعنی 2اپریل سے غیر معینہ مدت تک کوئی تدریسی کام کاج نہیں ہوگا۔مزید برآں بی ٹیک طلبہ (B-Tec) 2019اور ایم ٹیک(M-Tec) 2021 طلبہ سے کہا جاتا ہے کہ وہ فوری طور پر ہوسٹل چھوڑ کر اپنے گھروں کا رخ کریں۔ نوٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ بی ٹیک اور ایم ٹیک فائنل ایئر کے طلبہ، جو ہوسٹلوں میں قیام پذیر ہیں ، کو مطلع کیا جاتا ہے کہ وہ یا تو ہوسٹل خالی کریں،یا ہوسٹلوں کی چاردیواری کے اندر رہیں ، کیونکہ نہ تو مذکورہ بیچ کے طلبہ کو کالج چھوڑنے یا اندر آنے کی اجازت دی جائیگی۔کسی بھی ہنگامی صورتحال کیلئے طلبہ اپنے متعلقہ وارڈن سے رابطہ کرسکتے ہیں۔ ادھر وسطی کشمیر کے بڈگام ضلع میں جمعرات کو مزید 39طلبہ، 9اساتذہ اورغیر تدریسی عملہ سے وابستہ ایک ملازم کی رپورٹ مثبت آئی۔ اس طرح وادی میں 15فروری سے یکم اپریل تک37اساتذہ، غیر تدریسی عملہ کے9افراد اور98طالب علم وائرس سے متاثر ہوئے ۔حکام نے دو نجی سکولوں اور ایک ہائرسیکنڈری سکول بھی طلبہ کیلئے بند کردیا ہے۔ جمعرات کو بڈگام ضلع کے 2 سکولوں کے 39طلبہ اور9اساتذہ اور غیر تدریسی عملہ سے جڑے ایک ملازم کی رپورٹ مثبت آئی۔چیف میڈیکل آفیسر بڈگام ڈاکٹر تجمل حسین نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا ’’ضلع میں 113اساتذہ کے ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے9کی رپورٹیں مثبت آئیں‘‘۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کے مختلف سکولوں میں زیر تعلیم طلبہ کے 584ٹیسٹ کئے گئے جن میں 39بچوں کی رپورٹیں مثبت آئیں ‘‘۔ انہوں نے کہا’’ ہائرسکینڈری سکول ہفروناگم میں 38طلبہ اور 8اساتذہ کی رپورٹیں مثبت آئی ہیں‘‘۔ ڈاکٹر تجمل کا کہنا تھا کہ سکول کو فی الحال 10دنوں کیلئے بند کردیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سکول میں پڑھنے والے بچوں کے اہلخانہ اور سکول کے نذدیک رہنے والے لوگوں کیلئے بھی جمعہ سے ٹیسٹنگ کا آغاز ہوگا۔ انہوں نے کہا ’’ دہلی پبلک سکول بڈگام میں ایک استاد اور غیر تدریسی عملہ سے وابستہ ایک شخص کی رپورٹ مثبت آئی ہے‘‘۔انہوں نے کہا کہ مذکورہ سکول کو بھی 5دنوں کیلئے بند کردیا گیا ہے۔ ضلع انتظامیہ بڈگام نے سکولوں کو بند کرنے کیلئے دو الگ حکم نامہ جاری کئے، پہلے حکم نامہ نامہ زیر نمبرCOVID-19/BUD/346-49بتاریخ یکم اپریل 2021کو دلی بپلک سکول بڈگام کو پانچ دنوں کیلئے بند کردیا گیا جبکہ دوسرے حکم نامہ زیر نمبر COVID-19/BUD/350-53 بتاریخ یکم مارچ21 20کے تحت ہائرسینڈری سکول ہفرو ناگم کو 10دنوں کیلئے بندکیا گیا۔ ادھرناظم تعلیم محمد یونس ملک نے اننت ناگ کے بجہاڑہ میں ایس او پیز پر عمل نہ کرنے کی پاداش میں ایک نجی سکول کو 2دنوں کیلئے بند کرنے کی ہدایت دی ہے ۔