بیجنگ//کورونا وائرس پر عالمی ادارہ صحت کی تحقیقاتی ٹیم دورہ چین کے دوران اس مخصوص جانور کا سراغ لگانے میں ناکام ہو گئی ہے جس سے ممکنہ طور پر وائرس کی ابتدا ہوئی تھی۔ ماہرین کے خیال میں کورونا وائرس کی ابتدا چمکادڑوں سے ہوئی تھی جو پھر کسی اور جانور کے ذریعے انسانوں تک پھیلا تھا۔چینی تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ لیانگ واننین نے منگل کو کہا ہے کہ ’وائرس جانوروں کے ذریعے ہی انسانوں میں پھیلا ہے، لیکن اب تک سائنسدان کسی مخصوص جانور کی نشاندہی نہیں کر سکے ہیں جہاں سے وائرس کی ابتدا ہوئی تھی۔‘انہوں نے کہا کہ ’تحقیق میں ظاہر ہوا ہے کہ وائرس کولڈ چین اشیا کی ترسیل کے دوران بھی ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل ہو سکتا ہے۔‘تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ نے مزید کہا کہ ’دسمبر 2019 سے قبل شہر ووہان میں کورونا وائرس کے کوئی شواہد نہیں ملے۔ کورونا وائرس کے ابتدائی کیسز ووہان شہر میں دسمبر 2019 میں منظر عام پر آئے تھے۔‘عالمی ادارہ صحت کے ماہر بین ایمبارک نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ’دسمبر 2019 سے پہلے ووہان میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے کوئی شواہد نہیں ملے ہیں۔‘عالمی ادارہ صحت کے سائنسدانوں پر مشتمل ٹیم نے کورونا وائرس کی ابتدا پر شفاف تحقیقات کرنے کے لیے چین میں ایک مہینہ گزارہ ہے۔ دو ہفتے قرنطینہ میں گزارنے کے بعد باقی وقت ٹیم نے وائرس کا سراغ لگانے میں گزارا ہے کہ وائرس کی ابتدا کس مقام اور جانور سے ہوئی تھی۔تحقیقاتی ٹیم نے ووہان کی سمندری غذاؤں کی مارکیٹ کا بھی دورہ کیا جہاں ابتدا میں وائرس کے کئی کیسز سامنے آئے تھے۔ اس مارکیٹ میں کام کرنے والوں کی بڑی تعداد وائرس سے متاثر تھی۔تحقیقاتی مشن کے دوران عالمی ادارہ صحت کی ٹیم نے ووہان وائرولوجی انسٹی ٹیوٹ کا دورہ بھی کیا، اور کئی چینی سائنسدانوں سے ملاقاتیں کیں جو کورونا وائرس کا سراغ تلاش کرنے کی غرض سے چمکادڑوں پر تحقیق کر چکے ہیں۔
دنیا میں متاثرین کی تعداد10.64 کروڑ کے پار
واشنگٹن //یواین آئی// دنیا میں کورونا وائرس (کووڈ۔19) کی وبا تھمنے کا نام نہیں لے رہی ہے اور اب تک 10.64 کروڑ سے زیادہ افراد اس سے متاثر ہوئے ہیں اور 23.25 لاکھ سے زیادہ لوگوں کی موت ہو چکی ہے ۔کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ریاست امریکہ میں متاثرہ افراد کی تعداد 2.70 کروڑ سے تجاوز کرچکی ہے جبکہ تقریبا 464،941 لاکھ مریض فوت ہوچکے ہیں۔ برازیل میں کورونا وائرس سے 95.24 لاکھ سے زیادہ افراد متاثر ہوئے ہیں اور اس کی وجہ سے 231534 مریض فوت ہوچکے ہیں۔ برطانیہ میں کورونا انفیکشن سے متاثروں کی تعداد بڑھ کر 39.71 لاکھ ہوگئی ہے اور 113014 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔روس میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 39.39 لاکھ سے زیادہ ہوچکی ہے جبکہ 75828 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ فرانس میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد34 لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے اور 79571 مریض فوت ہوچکے ہیں۔ اسپین میں اب تک اس وبا سے 29.89 لاکھ سے زیادہ افراد متاثر ہوئے ہیں اور 62295 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ اٹلی میں متاثرہ افراد کی تعداد 26.44 لاکھ سے تجاوز ہوچکی ہے اور 91580 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ اب تک ترکی میں تقریبا 25.39 لاکھ افراد کوووڈ ۔19 سے متاثر ہوئے ہیں اور 26900 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ جرمنی میں اس وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر 22.96 لاکھ ہوگئی ہے اور 62194 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ کولمبیا میں اس مہلک وائرس سے 21.61 لاکھ سے زیادہ افراد متاثر ہوئے ہیں اور 56290 افراد اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ ارجنٹائن میں 19.85 لاکھ سے زیادہ افراد کووڈ ۔19 سے متاثر ہوئے ہیں اور 49398 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ میکسیکو میں 19.36 لاکھ سے زیادہ افراد کورونا سے متاثر ہوئے ہیں اور 166731 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ پولینڈ میں انفیکشن کے 15.52 لاکھ سے زیادہ معاملے سامنے آچکے ہیں اور 39132 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔