سرینگر//لفٹینٹ گورنر کے مشیر فاروق احمد خان نے ایگریکلچر کمپلیکس لال منڈی سرینگر میں کوالٹی کنٹرول لیبارٹری کا معائینہ کیا ۔ مشیر نے لیبارٹری کے مختلف شعبوں جن میں مصنوعی کھاد ، جراثیم کش ادویات اور حیاتیاتی کھاد کے کوالٹی کنٹرول لیبارٹریاں شامل ہیں ۔ اُن کے ہمراہ ناظمِ زراعت کشمیر تھے ۔ معائینے کے دوران مشیر نے افسروں کو صوبے کے کسانوں کیلئے معیاری جراثیم کش ادویات اور کھادیں بہم رکھنے کیلئے کہا ۔ انہوں نے کھادوں اور جراثیم کش ادویات کے معیار کا خاص خیال رکھنے کی بھی متعلقہ حکام کو ہدایت دی ۔ مشیر نے لیبارٹری میں جدید ساز و سامان اور مشینیں نصب کر کے اسے مزید مستحکم بنانے کی بھی ہدایت دی ۔ دورے کے دوران مشیر کو بتایا گیا کہ ستمبر 2014 کے سیلاب کے بعد کوالٹی کنٹرول لیبارٹری کو بڑے پیمانے پر توسیع دی گئی ہے۔