کوٹرنکہ //سب ڈویژن کوٹرنکہ کے کنڈی علاقہ میں نصب کردہ واٹر فلٹر پلانٹ گزشتہ دو برسوں سے خراب ہونے کی وجہ سے کم از کم 10پنچایتوں کے سینکڑوں کنبے پانی کی شدید قلت کا سامنا کررہے ہیں ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ کئی عرصہ سے خراب پڑی سکیم کو بحال کرنے میں محکمہ کی جانب سے کوئی دلچسپی ہی نہیں لی جارہی ہے جس کی وجہ سے علاقہ کی خواتین کئی کلو میٹر کی پیدل مسافت طے کر کے پینے کا صا ف پانی لانے پر مجبور ہیں ۔غور طلب ہے کہ 2010میں لوگوں کی پانی کی قلت کو دور کرنے کیلئے دریائے انس سے ایک واٹر سپلائی سکیم شروع کی گئی تھی جبکہ اس پانی کو معقول صاف کرنے کیلئے فلٹر پلانٹ بھی لگایا گیا تھا تاہم 8برسوںمیں محکمہ کی جانب سے کم از کم 8کروڑ روپے کی لاگت سے تیار کردہ سکیم کا 2018میں افتتاح کر کے عوام کو پینے کا صاف پانی سپلائی شروع کر دی گئی تھی لیکن گزشتہ کئی عرصہ سے مذکورہ واٹر سپلائی سکیم فلٹر خراب ہونے کی وجہ سے بند پڑی ہوئی ہے جس کی وجہ سے لوگ آلودہ پانی استعمال کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں ۔لوگوں نے متعلقہ محکمہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ گزشتہ کئی عرصہ سے محکمہ کی لاپرواہی کی وجہ سے لوگ آلودہ پانی استعمال کرنے پر مجبور ہیں جس کی وجہ سے کئی اقسام کی بیماریاں پھیلنے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے تاہم کئی مرتبہ متعلقہ حکام سے رابطہ کرنے کے باوجود بھی فلٹر پلانٹ کی بحالی کیلئے کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا جارہا ہے ۔لوگوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ مذکورہ مشینری کو جلدازجلد ٹھیک کرکے عوام کو معیاری سہولیات فراہم کی جائیں ۔