ٹنگمرگ //کنزر ٹنگمرگ میں محکمہ بجلی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے لوگوں نے فوری طور کھمبے اورترسیلی لائن فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ۔ گرڈ اسٹیشن کنزر کے عقب میں واقع نیو کالونی کے لوگوں نے محکمہ بجلی کے خلاف زبردست احتجاج کرتے ہوئے محکمہ کی طرف سے ارسال کردہ بلوں کو جلا ڈالا۔ احتجاجی لوگوں کا کہنا تھا کہ نیوکالونی میں ترسیلی لائنیں کھمبوں کے بجائے درختوں کے ساتھ لٹک رہی ہیں اور ترسیلی لائنیں بھی اس قدر کمزور ہیں کہ اکثروبیشتر جل کر گرجاتی ہیں ۔ احتجاج میں شامل بلال احمد نامی ایک شخص نے بتایا کہ انہوںنے کئی بار اسسٹنٹ ایگزیکیٹو انجینئر پی ڈی ڈی ٹنگمرگ کی نوٹس میں یہ معاملہ لایا لیکن آج تک کوئی کارروائی نہیں ہوئی ۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی ڈی ٹنگمرگ نے لوگوں کو احتجاج کیلئے مجبور کیا۔احتجاجی مظاہرین نے ایل جی انتظامیہ سے موسم سرما سے قبل بجلی کھمبے اورترسیلی لائن فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔