کشمیر پنڈتوں کے بغیر ادھورا شہر تعمیر و ترقی اور بنیادی سہولیات سے محروم:تنویر صادق

سرینگر//کشمیر پنڈتوں کے بغیر ادھورا ہے اور تاریخ گواہ ہے کہ یہاں کی اکثریتی آبادی نے اقلیتوںکو ہر حال میں تحفظ فراہم کیا ہے اور نازک ادوار میں بھی مل جل کراپنا بود باش کیاہے۔ ان باتوں کا اظہار نیشنل کانفرنس کے ترجمانِ اعلیٰ تنویر صادق نے حلقہ انتخاب زڈی بل کے جوگی لنکر میں مقامی عہدیداروں اور کارکنوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس دوران انہوں نے وہاں قائم شیو مندر (عرف گورمندر)کا بھی دورہ کیا اور مقامی لوگوں کی طرف سے اس مندر کو تحفظ فراہم کرنے کی سراہنا کی۔ تنویر صادق نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ کشمیر کے ہندو، مسلم، سکھ اور عیسائی ایسے ادوار میں بھی آپسی ہم آہنگی اور مذہبی رواداری کی مثال پیش کی ہے جب پورے برصغیر میں مذہب کے نام پر آگ کے شعلے بھڑک رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر پنڈتوں کے بغیر ادھورا ہے اور کشمیری مسلمان دہائیوں سے اپنے پنڈت بھائیوں کی واپسی کی راہیں دیکھ رہے ہیں۔ دریں اثناء انہوں نے کئی ملحقہ علاقوں کا دورہ کیا اور وہاں مقامی آبادی سے بات کی اور اُن کے مسائل و مشکلات کی جانکاری بھی حاصل کی۔ دورے کے دوران جگہ جگہ پر لوگوں نے اپنے مشکلات اور مصائب خصوصاً بجلی فیس میں اضافہ، برقی رو کی بدترین سپلائی پوزیشن، پانی کی قلت، سڑکوں اور گلی کوچوں کی ناگفتہ بہہ صورتحال، حد سے زیادہ مہنگائی، بے روزگاری اور دیگر مسائل سے آگاہ کیا۔ تنویر صادق نے وہاں لوگوںکے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ شہر سرینگر کے آباد عوام بخوبی واقف ہے کہ 2015کے بعد حکمرانوں نے اس تاریخی شہر کو تعمیر وترقی کے لحاظ کیسے یکسر نظر انداز کرکے رکھا ہے۔ اُن کے ہمراہ صدرِ بلاک بشیر احمد اور دیگر عہدیداران بھی تھے۔