عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//جموں وکشمیرٹورازم اور متحدہ تجارتی محاذ وفد نے پیر کو ڈائریکٹر ٹورازم کشمیر سید قمر سجاد سے ملاقات کی اور وادی میں سیاحت و مہمان نوازی کے شعبے سے متعلق اہم مسائل پر تفصیلی گفتگو کی۔ملاقات کے دوران فورم نے ہوٹل لائسنس کی تجدید کی مدت پانچ سال تک بڑھانے کے فیصلے کو سراہتے ہوئے اسے صنعت سے وابستہ افراد کیلئے بڑی راحت قرار دیا۔ اراکین نے اس پیش رفت پر ڈائریکٹر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس اقدام سے غیر ضروری دفتری کارروائی میں کمی آئے گی اور ہوٹل مالکان کو طویل مدتی استحکام حاصل ہوگا۔وفد نے اہم سیاحتی مقامات پر کیبل کار منصوبوں کی جلد تنصیب پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا، جن میںپہلگام،سونہ مرگ، دودھ پتھری اورشنکر اچاریہ مندرشامل ہیں، تاکہ سیاحوں کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں اور سیاحتی ڈھانچے کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔فورم نے جموں و کشمیرکو چاروں موسموں میں سیاحت کے ایک ممتاز مقام کے طور پر فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا اور محکمہ سیاحت و صنعت سے وابستہ افراد کے درمیان بہتر تال میل کو ناگزیر قرار دیا۔چیئرمین مشتاق چایا نے خطے میں سیاحت کے روشن مستقبل پر امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر ایک بار پھر ملک کے نمایاں سیاحتی مقامات میں اپنی جگہ بحال کر رہا ہے۔وفد نے ڈل جھیل پر واقع ہوٹلوں اور ہائوس بوٹس کے زیر التوا تجدیدی معاملات کو جلد حل کرنے کی بھی درخواست کی تاکہ متعلقہ مالکان کی تشویش دور ہو سکے۔ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی اور محکمہ سیاحت اور صنعت کے مابین مسلسل تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔