سرینگر// مرکز نور کشمیر یونیورسٹی نے آبِ رواں سرینگر کے تعاون سے پیر کو محبوب العالمؒ ایوارڈز کے عنوان سے ایک تقریب کا اہتمام کیا۔ ڈین اکیڈمکس پروفیسر فاروق مسعودی نے تقریب کی صدارت کی ، جس میں معروف معززین اور علماء نے شرکت کی جن میں مفتی ناصر الاسلام ( مفتی اعظم جموں و کشمیر ) ، ڈاکٹر نثار حسین مبارک ، مولانا شوکت حسین کینگ اور ظریف اے ظریف شامل تھے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پروفیسر مسعودی نے کشمیری معاشرے کے اندر بھائی چارے ، ہمدردی اور ہم آہنگی کی اقدار کو فروغ دینے میں محبوب العالمؒ اور دیگر جیسی شخصیات کے کردار پر زور دیا۔اپنے استقبالیہ خطاب میں چیئرمین سی ایس اے ایس پروفیسر جی این خاکی نے کشمیر کے صوفیوں اوراولیاء کی اہمیت پر زور دیا ، خاص طور پر محبوب العالمؒاور وادی میں روحانی اخلاق کو تشکیل دینے میں ان کی عظیم شراکت کو یاد کیا۔ کشمیر کے مختلف اسکولوں اور دیگر اداروں سے وابستہ متعدد طلباء نے محبوب العلم شیخ حمزہ مخدومؒ کی اعلیٰ شخصیت پر روشنی ڈالی۔ مفتی ناصر الاسلام نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ آگے آئیں اور برائیوں کا مقابلہ کریں ۔ انہوں نے پروگرام میںشریک طلباء کو 10 ہزار روپے تحفے میں دیئے اور سی ایس اے ایس پر زور دیا کہ وہ مستقبل میں تصوف پر بین الاقوامی کانفرنس منعقد کرے۔ اس موقع پر ڈاکٹر نثار حسین مبارک اور ظریف احمد ظریف نے ان اقدار اور نظریات کو تقویت دینے کے لیے بھی خطاب کیا جن کیلئے محبوب العالمؒ مشہورتھے۔آخر میں معززین اور شرکاء میں یادداشتیں ، ایوارڈ اور سرٹیفکیٹ تقسیم کیے گئے۔